قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے بابراعظم کے کراچی کنگز چھوڑنے کی وجہ سے پردہ اٹھادیا۔
سابق کپتان و وکٹ کیپر بیٹر راشد لطیف نے مقامی یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ فرنچائز نے 2022 ٹی20 ورلڈکپ کے بعد ہی بابراعظم کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سال 2022 ٹی20 ورلڈکپ میں جب گرین شرٹس نے بابراعظم کی قیادت میں سیمی فائنل میں جگہ بنائی تو فرنچائز نے دوبارہ رابطہ کیا۔
راشد لطیف نے کہا کہ کراچی کنگز کی فرنچائز میں ایک صاحب کی وجہ سے بابر نے دوری اختیار کرنے کا فیصلہ کیا اور لکھ کر آگاہ کیا تھا کہ وہ مزید فرنچائز کا حصہ نہیں بنے گا۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ کراچی کنگز نے پی ایس ایل میں اسی سال وائلڈ کارڈ کا استعمال صائم ایوب کیلئے بھی نہیں کیا تھا حالانکہ وہ اُسے منتخب کرسکتے تھے جبکہ ڈومیسٹک کا وہ بہترین پرفارمر تھا اور کوئٹہ نے اُسے ریلیز کیا۔
قبل ازیں گزشتہ دنوں کراچی کنگز کے اونر سلمان اقبال نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ فرنچائز بابراعظم کو نمبر 3 کھلانا چاہتی تھی، جس پر اختلاف ہوا، بابراعظم اگر اس پوزیشن پر کھیلنے کو تیار ہوجاتے تو وہ آج بھی کراچی کنگز کے اسکواڈ کا حصہ ہوتے۔
یاد رہے کہ بابراعظم ملک اور فرنچائز دونوں کیلئے ٹی20 کرکٹ میں بطور اوپنر ہی کھیلنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، پی ایس ایل میں انہوں نے 76 اننگز میں اوپننگ کی، اس دوران 47.01 کی اوسط اور 129.13 کے اسٹرائیک ریٹ سے 3103 رنز بنائے۔
پی ایس ایل 2023 سے قبل ٹیم نے اپنے مارکی پلیئر بابراعظم کی ٹریڈ کی تھی، وہ پشاور زلمی میں بطور کپتان چلے گئے تھے۔
دوسری جانب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن میں بابراعظم نے اپنے ابتدائی دو میچز میں محض صفر اور رن بنایا جبکہ انکی ٹیم کو دونوں میچز میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔