اداکارہ فہیمہ اعوان نے عید کے پہلے دنِ شوہر کی برسی سے جڑے دکھ کو سنبھالنے سے متعلق جذبات کو مداحوں کے ساتھ شیئر کر دیا۔
معروف اداکارہ اور ماڈل فہیمہ اعوان اپنے نرم گفتار انداز اور باوقار شخصیت کے باعث عوام میں خاصی مقبول ہیں، حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئیں، انہوں نے شو کے دوران اپنی زندگی کے ایک نہایت تکلیف دہ باب کا ذکر کیا، جس نے سننے والوں کو بھی غمگین کر دیا۔
فہیمہ اعوان نے بتایا کہ میرے شوہر کا انتقال عید کے پہلے دن ہوا تھا، اس سانحے نے ہماری زندگی کو یکسر بدل کر رکھ دیا، اس افسوس ناک خبر کی اطلاع مجھے مکہ مکرمہ میں عبادت کے دوران ملی تھی، جو میرے لیے ایک شدید صدمہ تھا، تب سے لے کر آج تک عید کا پہلا دن میرے اور خاندان کے لیے کرب اور اداسی کی علامت بن چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میری بیٹی اپنے والد کے بہت زیادہ قریب تھی، جو عید کے دن خاص طور پر جذباتی طور پر کمرے میں بند ہو جاتی ہے، لیکن اس سال ہم نے فیصلہ کیا کہ اس غم کو خوشی میں بدلنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنی بیٹی کو کہا کہ وہ اپنا غرارہ نکالے تاکہ عید کے دن کے لیے خوشی کا ماحول پیدا ہو۔
فہیمہ نے اپنے خاندان کے تمام افراد کو باہر لے جا کر وقت گزارنے کی ترغیب دی تاکہ وہ غم میں تنہائی اختیار نہ کریں، کیونکہ تنہائی اداسی کو مزید بڑھا دیتی ہے۔
اداکارہ فہیمہ اعوان نے اپنی ہمت اور مثبت سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بتایا کہ میں اپنے دکھ کو دل میں رکھتے ہوئے بھی اپنے خاندان کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کی کوشش کر رہی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ دل میں درد موجود ہے، لیکن زندگی کو آگے بڑھانے کے لیے خوشی کے لمحات پیدا کرنا ضروری ہے۔
مداحوں نے سوشل میڈیا پر فہیمہ اعوان کی اس جرأت مندی اور حوصلے کی خوب تعریف کی اور ان کے لیے دعائیں کی ہیں۔