’ہِٹ اینڈ رَن‘ میں ملوث 30 سالہ شرجیل شہزاد نے مہلک تصادم کے جرم کا اعتراف کر لیا، واقعے میں 2 سالہ شہباز سنگھ جاں بحق ہو گیا تھا۔
ملزم شرجیل شہزاد نے اعتراف کیا ہے کہ اس کی خطرناک ڈرائیونگ کی وجہ سے 2 سالہ لڑکے کی موت واقع ہوئی۔
ملزم شرجیل شہزاد گزشتہ سال 14 دسمبر کو ڈارٹ ماؤتھ روڈ پر ایک چوری شدہ پورشے کیین کو جعلی پلیٹوں پر چلا رہا تھا، اس کی خطرناک ڈرائیونگ سے رات 11 بجے سے کچھ دیر قبل ہونے والے تصادم کے نتیجے میں شہباز سنگھ المناک طور پر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جبکہ گاڑی کے تصادم میں مزید 4 افراد بشمول بچے کے والدین زخمی ہوئے جن میں سے 2 کو شدید نقصان پہنچا۔
ملزم شہزاد موقع سے فرار ہو گیا تھا تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تیزی سے اس کی شناخت بنیادی ملزم کے طور پر کی اور اسے 2 دن بعد گرفتار کر لیا۔
30 سالہ نوجوان نے ابتدائی طور پر خطرناک ڈرائیونگ سے موت کا سبب بننے کے الزام میں قصور وار نہ ہونے کی استدعا کی لیکن بعد میں 11 اپریل کو وولور ہیمپٹن کراؤن کورٹ میں اس نے اپنے قصور وار ہونے کو تسلیم کر لیا۔
ملزم نے خطرناک ڈرائیونگ سے شدید چوٹ پہنچانے کے 2 الزامات کے ساتھ ساتھ چوری کی گاڑی چلانے کے الزامات کو بھی تسلیم کیا۔
ملزم شہزا کو 4 جولائی کو سزا سنائی جائے گی۔