سندھ کے وزیرِ کھیل سردار محمد بخش مہر نے پاکستانی کرکٹرز پر تنقید کردی۔
کراچی کے علاقے کورنگی ٹاؤن میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ کرکٹرز اگر حلوہ پوری، نہاری اور حلیم کھائیں گے تو کیسے کھیل پائیں گے؟
سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ کرکٹرز کو اپنی ڈائٹ اور نیوٹریشن پر بھی کام کرنا چاہیے، چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی کارکردگی پر پوری قوم مایوس ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم نہ فائنل میں پہنچ سکی نہ فائنل ہم تک پہنچ سکا، ہمیں قومی کرکٹ ٹیم پر کافی محنت کرنے کی ضرورت ہے، کرکٹ میرے دائرہ اختیار میں نہیں لیکن اب مجھے ہی کرکٹ کے لیے کچھ کرنا پڑے گا۔
سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ اپنے کھلاڑیوں کے لیے کچھ کرنے کی ضرورت ہے، کھلاڑیوں کو پیغام ہے کہ فٹنس ہے تو سب کچھ ہے، یہاں پر کچھ ایسے بھی بولرز ہیں جن کو میں پانچ چھ چھکے مار سکتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ ایسے بھی بیٹس مین ہیں جن کو میں بھی آرام سے آؤٹ کرسکتا ہوں، کسی زمانے میں کورنگی میں چائنہ کٹنگ اور لینڈ گریبنگ عروج پر تھی، اب کورنگی میں کھیلوں کے ایونٹ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے۔
سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ سندھ حکومت ضلع کورنگی میں آئندہ سال کرکٹ سمیت مختلف کھیلوں کا انعقاد کرائے گی، کورنگی کے کرکٹ گراؤنڈ میں فلڈ لائٹس لگا کر دیں گے تاکہ نوجوان رات کو بھی کرکٹ کھیل سکیں۔
وزیرِ کھیل سندھ نے کورنگی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کرکٹ اکیڈمی اور جم کلب بنانے کا اعلان بھی کیا۔
انہوں نے کورنگی کی ونر ٹیم کے لیے 4 لاکھ، رنر اپ ٹیم کے لیے 2 لاکھ اور مین آف دی میچ والوں کے لیے 50 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا۔