امریکی وزیر خارجہ مارکو رُوبیو نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دوسرے ملکوں نے غزہ میں اپنے فوجی دستے بھیجنے سے متعلق کچھ سوال پوچھے ہیں اور اس کے بعد غزہ میں فوجی دستے بھیجنے پر غور کرنے کی پیش کش کی ہے جس پر امریکا پاکستان کا شکر گزار ہے۔
امریکی وزارت خارجہ میں پریس کانفرنس کے دوران ان سے سوال کیا گیا کہ کیا پاکستان نے امریکا کو اس بات پر اپنی رضامندی سے آگاہ کر دیا ہے کہ پاکستان غزہ میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنے فوجی دستے بھیجے گا؟
اس پر مارکو روبیو نے کہا کہ ہم پاکستان کے بہت شکرگزار ہیں کہ اس نے غزہ امن منصوبے کا حصہ بننے یا کم از کم اس پر غور کرنے کی پیش کش کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ان کے خیال میں پاکستان سمیت دیگر ملک ابھی کچھ سوالوں کے جواب چاہتے ہیں اور ان کے بعد ہی ہم کسی ملک سے یہ کہہ سکیں گے کہ وہ غزہ امن منصوبے کے لیے اپنی خدمات پیش کرے لیکن مجھے پورا یقین ہے کہ بہت سے ملک ایسے ہیں جو اس تنازعے میں شریک ہر فریق کے لیے قابل قبول ہیں اور جو آگے بڑھ کر غزہ استحکام فورس کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔
