تقریباً 50 برسوں کے بعد پہلی بار جاپان پانڈا سے محروم ہوجائے گا، کیونکہ آئندہ ماہ ملک کی آخری جڑواں پانڈا کی جوڑی جاپان چھوڑ کر اپنے آبائی ملک چین روانہ ہو رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ 2021 میں ٹوکیو میں پیدا ہونے والے یہ جڑواں پانڈا ژیاؤ ژیاؤ اور اس کی بہن لیئی لیئی جنوری کے آخر میں چین روانہ ہوں گے۔
ٹوکیو میٹروپولیٹن حکومت کے مطابق چار سالہ جڑواں پانڈاؤں کی عوامی نمائش کا آخری دن 25 جنوری ہوگا۔ یہ دونوں چین کی ملکیت ہیں اور معاہدے کے تحت فروری تک انہیں واپس کرنا لازم ہے۔
ان کے والدین، شن شن اور ری ری، گزشتہ سال چین واپس جا چکے ہیں۔ یہ جوڑا 2011 میں افزائشِ نسل سے متعلق تحقیق کے لیے جاپان بھیجا گیا تھا۔
واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں جاپان اور چین کے تعلقات اس وقت مزید کشیدہ ہو گئے تھے جب نومبر کے اوائل میں جاپانی وزیر اعظم سانائے تاکائیچی نے کہا تھا کہ اگر چین نے تائیوان کے خلاف کوئی اقدام کیا تو جاپانی فوج مداخلت کر سکتی ہے۔ اس کے بعد چین نے جاپان کے لیے سیاحت پر پابندیاں عائد کر دیں ہیں۔
