بانی پی ٹی آئی عمران خان کے صاحبزادوں قاسم خان اور سلیمان خان سے منسوب ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہا ہے، جس میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ قاسم خان نے پاکستان میں عملی سیاست میں آنے کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب Sky News پر نشر ہونے والے قاسم اور سلیمان خان کے ایک انٹرویو کے بعد 23 سیکنڈ سے زائد دورانیے کی ایک مختصر ویڈیو مختلف پلیٹ فارمز پر شیئر کی جانے لگی۔ اس ویڈیو میں قاسم خان کو یہ کہتے ہوئے دکھایا گیا کہ اگر ان کے والد کو نقصان پہنچایا گیا تو وہ پاکستان واپس آکر سیاست میں حصہ لیں گے۔ ی بیان سوشل میڈیا پر غلط فہمی اور قیاس آرائیوں کا باعث بنا ہے۔
سب سے بڑا دھماکہ 🚨🚨: قاسم اور سلیمان نے سیاست میں قدم رکھنے کا اعلان کر دیا – رو جرنیلا رو pic.twitter.com/zDjosfZRWy
— Refutationist (@EnkiduBornAgain) December 16, 2025
تاہم تحقیق سے واضح ہوا ہے کہ یہ دعویٰ حقائق کے برعکس ہے اور وائرل ہونے والا کلپ مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیار کیا گیا ہے۔
فیکٹ چیک کے عمل میں Sky News پر 16 دسمبر کو نشر ہونے والے مکمل 15 منٹ کے انٹرویو کا جائزہ لیا گیا، جس میں ایسی کسی بات کا ذکر موجود نہیں۔ اصل انٹرویو میں صحافی یلدا حکیم نے دونوں بھائیوں سے یہ سوال کیا تھا کہ اگر وہ جنوری میں پاکستان جا کر اپنے والد سے ملاقات کریں تو وہ انہیں کیا کہیں گے، اور کیا وہ رہائی کے لیے کسی سمجھوتے کا مشورہ دیں گے۔
اس سوال کے جواب میں قاسم خان نے دراصل اپنے والد کے نظریے اور مقصد پر بات کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان کی زندگی کا مقصد پاکستان کی بہتری اور کرپشن کے خلاف جدوجہد ہے، اور اگر وہ کسی ڈیل کے تحت بیرون ملک چلے جائیں تو یہ ان کے لیے شدید ذہنی اذیت کا باعث ہوگا۔ قاسم خان کے بیان میں سیاست میں شمولیت یا بدلہ لینے سے متعلق کوئی بات شامل نہیں تھی۔
مزید تحقیق کے دوران وائرل ویڈیو کو متعدد اے آئی ڈیٹیکشن ٹولز سے گزارا گیا۔ اے آئی مواد کی شناخت کرنے والے پلیٹ فارم Hive Moderation نے ویڈیو کو 99 فیصد امکان کے ساتھ AI جنریٹڈ قرار دیا۔
تجزیے سے یہ بھی سامنے آیا کہ وائرل کلپ میں قاسم خان کی آواز کو جان بوجھ کر سست کیا گیا ہے، جس کے باعث اس میں غیر فطری اور روبوٹ جیسی کیفیت محسوس ہوتی ہے، جو عام طور پر ڈیپ فیک ویڈیوز کی ایک نمایاں علامت سمجھی جاتی ہے۔
حتمی طور پر فیکٹ چیک کا نتیجہ یہ ہے کہ قاسم خان اور سلیمان خان نے Sky News کے انٹرویو میں پاکستان کی سیاست میں شمولیت سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو نہ صرف گمراہ کن ہے بلکہ جدید AI ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار یا تبدیل کی گئی ہے، جس کا مقصد عوام میں غلط تاثر پیدا کرنا تھا۔
