ایک حالیہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ افراد جو پہلے ہی دل کی بیماری کے بڑھتے ہوئے خطرے سے دوچار ہیں، اگر اپنی خوراک میں سیر شدہ چکنائی (Saturated Fat) کی مقدار کم کریں تو انہیں سب سے زیادہ صحت بخش فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔
اینلز آف انٹرنل میڈیسن میں شائع ہونے والے ایک نئے جائزے کے مطابق دل کی بیماری کے زیادہ خطرے والے افراد میں سیر شدہ چکنائی کم کرنے سے دل کے دوروں اور فالج کے واقعات میں واضح کمی دیکھی گئی، تاہم جن افراد میں پہلے سے دل کی بیماری کے خطرے کے عوامل موجود نہیں تھے، ان میں پانچ سال کے عرصے کے دوران ایسے نمایاں فوائد سامنے نہیں آئے۔
سائنس دانوں نے ایک درجن سے زائد کلینیکل آزمائشوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا، جس میں 66 ہزار سے زائد شرکاء شامل تھے، اس تحقیق میں سیر شدہ چکنائی میں کمی، ٹرائی گلیسرائیڈز کی سطح اور مجموعی اموات کے اثرات کا تجزیہ کیا گیا۔
سیر شدہ چکنائی سے بھرپور غذاؤں میں مکھن، سرخ گوشت، پیزا، آئس کریم اور پروسیسڈ گوشت شامل ہیں۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ جن شرکاء نے سیر شدہ چکنائی کی جگہ پولی اَن سیچوریٹڈ فیٹس، جیسے چکنائی والی مچھلی اور سبزیوں کے تیل کا استعمال شروع کیا ان میں ’خراب‘ ایل ڈی ایل کولیسٹرول کی سطح میں کمی واقع ہوئی، جس سے دل کی بیماری کے خطرے میں مجموعی طور پر کمی آتی ہے۔
موجودہ وفاقی غذائی ہدایات کے مطابق روزانہ کیلوریز کا 10 فیصد سے کم حصہ سیر شدہ چکنائی سے حاصل کرنا چاہیے، جبکہ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن سیر شدہ چکنائی کو 6 فیصد سے کم رکھنے کا مشورہ دیتی ہے۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے اپنے معالج سے رابطہ کریں۔
