ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید کا کہنا ہے کہ جماعتِ اسلامی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، اس کی حکمتِ عملی خود ان کی منافقت کا شکار ہو گئی ہے، جماعتِ اسلامی نااہلی چھپانے کے لیے سڑکوں پر آ رہی ہے۔
جماعت اسلامی کے دھرنوں پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ ایک طرف عدالتوں کا رخ کرتے ہیں اور فیصلہ آنے سے قبل سڑکوں پر آ جاتے ہیں، اگر انہیں چالان اور جرمانوں کا اتنا ہی درد ہے تو لاہور اور اسلام آباد میں دھرنے کیوں نہیں دیتے؟
سعدیہ جاوید نے کہا کہ اپنے ٹاؤنز کی نااہلی، بدانتظامی اور ناکام سیاسی حکمتِ عملی چھپانے کے لیے سڑکوں پر آنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ترجمان سندھ حکومت نے یہ بھی کہا کہ جماعتِ اسلامی کراچی کے شہریوں کو سہولتیں فراہم نہیں کر سکی، اب دھرنوں سے انہیں مزید پریشان نہ کرے۔
