پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ بھارتی زیرِ سرپرستی فتنہ الخوارج نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں فورسز کے کیمپ پر حملہ کرتے ہوئے بارود سے بھری گاڑی بیرونی حفاظتی دیوار سے ٹکرا دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتنہ الخوارج نے آج (19 دسمبر کو) سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر حملہ کیا، خوارج نے کیمپ کے حفاظتی حصار کو توڑنے کی کوشش کی، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو بر وقت ناکام بنا دیا۔
خوارج کی کارروائی میں بارود سے بھری گاڑی ٹکرانے کے نتیجے میں دیوار گر گئی، جس سے قریبی شہری انفرااسٹرکچر اور ایک مسجد کو شدید نقصان پہنچا، سفاکانہ کارروائی میں شہریوں کے گھروں کو نقصان پہنچا، خوارج کے حملے میں بچوں اور خواتین سمیت 15 بے گناہ شہری زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورسز نے نہایت بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے تمام 4 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے 4 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حوالدار محمد وقاص، نائیک خان ویز، سپاہی سفیان حیدر شہداء میں شامل ہیں، سپاہی رفعت نے بھی بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیاں افغانستان میں موجود خوارج کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہیں، دہشت گردوں کی یہ کارروائی افغان طالبان رجیم کے دعوے کی نفی ہے، افغان طالبان رجیم دہشت گرد گروہوں کی عدم موجودگی کا دعویٰ کرتی ہے، پاکستان افغان طالبان رجیم سے توقع کرتا ہے کہ وہ اپنی ذمے داریاں پوری کرے، خوارج کو اپنی سر زمین استعمال کرنے کی اجازت نہ دے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام کی سلامتی اور تحفظ سب سے مقدم ہے، پاکستان خوارج اور ان کے سہولت کاروں کا تعاقب اور خاتمے کا حق رکھتا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی مذمت
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر حملے کی مذمت کی ہے اور کارروائی میں فتنہ خوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسزکی پزیرائی کی ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شہداء کے لیے بلندیٔ درجات کی دعا اور ان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت بھی کیا ہے جبکہ حملے میں زخمی ہونے والے شہریوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی اور دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اورملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔
