انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ کا کہنا ہے کہ دریائے چناب میں پانی کی سطح میں بڑے پیمانے پر کمی آئی ہے، بھارتی ہم منصب کو خط لکھ دیا تھا، بھارتی واٹر کمشنر نے پاکستانی خط کا جواب نہیں دیا۔
’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ نے کہا کہ 16 دسمبر کو چناب میں پانی کا بہاؤ صرف 1800 کیوسک تھا، بھارت پاکستان آنے والے دریاؤں کے پانی کا ڈیٹا بھی شیئر نہیں کر رہا۔
مہر علی شاہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دریائے جہلم کے پانی کے حوالے سے جائزہ لے رہے ہیں، فی الحال دریائے چناب سے متعلق بھارت کو خط لکھا ہے، بھارت کا جواب آنے کے بعد معاملات دیکھیں گے، اپنے آئینی اور قانونی حق کیلئے ہر فورم پر جائیں گے، بھارت جب بھی ، جہاں بھی پانی روکے گا، آواز اٹھائیں گے۔
دوسری جانب سیالکوٹ میں مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی سطح میں انتہائی کمی ہوئی ہے، محکمہ انہار کے مطابق دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ 9 ہزار 678 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز پانی کا بہاؤ 12 ہزار 829 کیوسک تھا، دریائے چناب میں پانی کی سطح میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، مرالہ راوی لنک نہر میں پانی کا بہاؤ صفر ہے، اپر چناب نہر میں پانی کا بہاؤ 6 ہزار 3 سو کیوسک ہے۔
