بھارتی شہر غازی آباد میں کرایہ مانگنے گئی 48 سالہ مکان مالکن دیپ شیکھا شرما کو ان کے کرایہ دار جوڑے نے قتل کر دیا۔ پولیس نے خاتون کی لاش ایک سوٹ کیس سے برآمد کر کے ملزم جوڑے کو گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اومیش شرما اور دیپ شیکھا شرما دو فلیٹس کے مالک ہیں، وہ ایک فلیٹ میں خود رہتے تھے جبکہ دوسرا فلیٹ اجے اور اکرتی گپتا کو کرایے پر دیا ہوا تھا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کرایہ دار جوڑے نے تقریباً چار ماہ سے کرایہ ادا نہیں کیا تھا۔ دیپ شیکھا گزشتہ روز کرایہ مانگنے کے لیے اکیلی ہی کرایہ داروں کے فلیٹ پر گئیں اور واپس نہ لوٹیں۔
دیپ شیکھا کے کافی دیر تک واپس گھر نہ پہنچنے پر ان کی ملازمہ مینا کو تشویش ہونے لگی جس پر وہ خود کرایہ داروں کے فلیٹ پر چلی گئی۔
ملازمہ کے سوالات پر بوکھلائے ہوئے کرایہ دار تسلی بخش جواب نہ دے سکے جس پر ملازمہ نے شک کی بنیاد پر پولیس میں شکایت درج کروادی۔
پولیس نے فلیٹس میں پہنچ کر چھان بین شروع کی اور عمارت کی سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی جس میں دیپ شیکھا کو فلیٹ میں داخل ہوتے تو دیکھا گیا مگر باہر نکلتے نہیں دیکھا گیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں کرایہ دار جوڑے کو ایک بڑا سوٹ کیس لے کر عمارت سے نکلتے اور آٹو رکشہ بُک کرواتے ہوئے بھی دیکھا گیا، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سوٹ کیس سے دیپ شیکھا شرما کی لاش برآمد کرکے کرایہ دار جوڑے کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم جوڑے نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے پہلے دیپ شیکھا کو پریشر ککر سے سر پر وار کر کے زخمی کیا اور پھر دوپٹے سے گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔
