بھارت کی پہلی فیمینا مس انڈیا اور معروف فیشن صحافی مہر کاسٹیلینو 81 برس کی عمر میں چل بسیں۔
مہر کاسٹیلینو کے انتقال کی تصدیق ’فیمینا مس انڈیا آرگنائزیشن‘ نے سوشل میڈیا کے ذریعے کی ہے۔
فیمینا مس انڈیا کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر شائع بیان میں کہا گیا ہے کہ مہر کاسٹیلینو وقار، نفاست اور خاموش قوت کی علامت تھیں۔
ادارے کی جانب سے ان کے ریمپ واک کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے۔
ادارے نے انہیں ایک عظیم روح قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہر کاسٹیلینو نے خواتین کے لیے فیشن انڈسٹری میں نئے دروازے کھولے، ایک معیار قائم کیا اور آنے والی نسلوں کو بےخوف خواب دیکھنے کی ہمت دی۔
مہر کاسٹیلینو 1964ء میں فیمینا مس انڈیا کا پہلا خطاب حاصل کرنے والی خاتون تھیں۔
