22 C
Lahore
Thursday, December 18, 2025
ہومتعلیم اور صحتشراب نوشی سے کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے: تحقیق

شراب نوشی سے کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے: تحقیق


فائل فوٹو

ایک حالیہ سائنسی تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ شراب نوشی کینسر کے خطرے میں اضافہ کرتی ہے اور جوں جوں شراب کی مقدار بڑھتی جاتی ہے، خطرہ بھی اسی تناسب سے بڑھتا چلا جاتا ہے۔

یہ تحقیق معروف طبی جریدے کینسر ایپیڈیمیالوجی میں شائع ہوئی ہے، جس میں درجنوں مطالعات کا جائزہ لیا گیا ہے، تحقیق کے مطابق شراب کے بڑھتے ہوئے استعمال سے مختلف اقسام کے کینسر کے امکانات میں واضح اضافہ دیکھا گیا ہے۔

اس شواہد پر مبنی جائزے میں 80 افراد سے لے کر تقریباً 10 کروڑ افراد پر مشتمل ڈیٹا شامل کیا گیا ہے۔ فلوریڈا اٹلانٹک یونیورسٹی کی اسسٹنٹ پروفیسر اور سینئر محقق کا کہنا ہے کہ ہمارے جائزے میں شامل 50 مطالعات میں مسلسل یہ بات سامنے آئی کہ شراب نوشی جتنی زیادہ ہو، کینسر کا خطرہ اتنا ہی بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق کے نتائج کے مطابق شراب نوشی سے خاص طور پر جگر، منہ، چھاتی، حلق اور دیگر اقسام کے کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ وہ افراد جو امریکن کینسر سوسائٹی کی ہدایات پر عمل کرتے ہیں یعنی مرد روزانہ دو جبکہ خواتین ایک ڈرنک تک محدود رہتی ہیں اور صحت مند طرزِ زندگی اپناتے ہیں، ان میں کینسر کا خطرہ نسبتاً کم پایا گیا ہے۔

مزید برآں، مردوں اور خواتین میں شراب نوشی کے اثرات میں فرق بھی سامنے آیا، تحقیق کے مطابق مردوں میں باقاعدہ شراب نوشی کینسر کے خطرے میں اضافہ کرتی ہے، جبکہ خواتین میں کبھی کبھار زیادہ مقدار میں شراب پینا بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

سائنس دانوں کے مطابق شراب کینسر کے خطرے میں کئی حیاتیاتی عوامل کے ذریعے اضافہ کرتی ہے، جس میں ڈی این اے کو نقصان پہنچانا، ہارمونز میں بگاڑ، آکسیڈیٹو اسٹریس اور دیگر عوامل شامل ہیں۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات