18 C
Lahore
Thursday, December 18, 2025
ہومغزہ لہو لہوجاپان کا پاکستان کو پولیو ویکسین کی خریداری کیلئے 3.5 ملین ڈالر...

جاپان کا پاکستان کو پولیو ویکسین کی خریداری کیلئے 3.5 ملین ڈالر نئی گرانٹ کا اعلان



اسلام آباد:

جاپان کی حکومت نے پاکستان کی پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں مسلسل تعاون جاری رکھتے ہوئے ضروری اورل پولیو ویکسین کی خریداری کے لیے 3.5 ملین امریکی ڈالر کی نئی گرانٹ کا اعلان کردیا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو (پی ای آئی) ان فنڈز کا استعمال کرتے ہوئے 2026 میں پولیو مہم کے لیے ویکسین کی 24 ملین سے زائد خوراکوں کی خریداری کرے گا۔

پاکستان عالمی سطح پر ان دو ممالک میں سے ایک ہے جو ابھی تک پولیو وائرس کی منتقلی نہیں روک سکا ہے اور 2025 میں اب تک پاکستان میں پولیو کے 30 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور بتایا گیا کہ لاعلاج بیماری کے خاتمے کی فوری کوشش میں حکومت پاکستان نے شراکت داروں کے تعاون سے روڈ میپ ٹو زیرو کے تحت نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان26-2025 تیار کیا ہے جس کا مقصد ملک بھر میں پولیو کی منتقلی روکنا ہے۔

پاکستان میں جاپان کے سفیر اکامٹسو شیوچی نے پاکستان کی صحت کی ترجیحات کے لیے جاپان کے طویل مدتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جاپان کا ماننا ہے کہ بچوں کو قابل روک تھام کی بیماریوں سے بچانا کسی ملک کے مستقبل میں سب سے اہم سرمایہ کاری ہے۔

انہوں نے کہا اس تعاون کے ذریعے ہم پاکستان، یونیسیف اور تمام شراکت داروں کے ساتھ کھڑے ہونے کے اپنے عزم کی تجدید کرتے ہیں جو پولیو کے خاتمے کے ہمارے مشترکہ مقصد کے لیے انتھک محنت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

جاپان کی نئی گرانٹ پی ای آئی کو پولیو ویکسین کی خریداری اور ترسیل کے لیے اہم فنڈ فراہم کرے گی، پاکستان میں جاہیکا کے چیف ناہوکی میاتا نے اس موقع پر ہر بچے کو ضروری پولیو ویکسین حاصل کرنا یقینی بنانے کے لیے حکومت پاکستان کے پختہ عزم کی تعریف کرتے ہوئے ان کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ویکسینز بچوں اور کمیونٹیز کی حفاظت کے لیے سب سے زیادہ مؤثر طریقوں میں سے ایک ہے اور ہمیں یقین ہے کہ اس سپورٹ کو فرنٹ لائن ورکرز کی لگن اور والدین اور کمیونٹیز کی شمولیت کے ذریعے مؤثر طریقے سے استعمال کیا جائے گا۔

وزیراعظم کی فوکل پرسن فار پولیو ایریڈیکیش عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ ملک سے پولیو کا خاتمہ ہمارا مشترکہ مقصد ہے اور جاپان کے تعاون سے ویکسین کی ہر خوراک ہمیں پولیو سے پاک پاکستان کے قریب لاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے پروگرام اور اپنے فرنٹ لائن ورکرز پر جاپان کے مسلسل اعتماد کے لیے تہہ دل سے مشکور ہیں۔

پاکستان میں یونیسیف کی نمائندہ پرنیل آئرن سائیڈ نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی جانب پاکستان کی پیش رفت میں جاپان کی حمایت بدستور اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس تعاون سے اس بات کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی کہ ہر بچہ چاہے وہ کہیں بھی رہتا ہو، پولیو ویکسین حاصل کرے اور ہم بچوں کے تحفظ، صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور پولیو سے پاک مستقبل کی تعمیر کے لیے یونیسیف، حکومت پاکستان اور ملک بھر کی کمیونٹیز کے ساتھ جاپان کی شراکت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

جاپان کی حکومت پاکستان کی پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں دیرینہ شراکت دار ہے اور 1996 سے جاپان نے پاکستان بھر میں یونیسیف کے ذریعے لاکھوں بچوں کی حفاظت کے لیے 245 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ کی گرانٹس اور قرضے فراہم کیے ہیں۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات