وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق اجلاس میں دانش اسکولز کے قیام کے لیے 5 ارب 76 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی، یوتھ اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے لیے فنڈز جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
ای سی سی نے دانش اسکولز میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پرغور کرنے کی ہدایت کی۔
وزارت خزانہ نے بتایا ہے کہ ای سی سی میں سندھ اور خیبر پختون خوا میں ترقیاتی اسکیموں کی منظوری دی گئی۔
ای سی سی نے پی ٹی ڈی سی کے لیے اضافی بجٹ کی منظوری دے دی اور پی ٹی ڈی سی کو جامع بزنس پلان پیش کرنے کی ہدایت کی۔
ای سی سی نے فین ریپلیسمنٹ پروگرام کے قواعد میں تبدیلی کی منظوری دی، نیا طریقہ کار بجلی کے استعمال میں کمی کے لیے ہو گا۔
اجلاس میں ڈسکوز کے مالی مسائل حل کرنے کے لیے 200 ارب روپے منظور کیے گئے، بجلی کے منصوبوں کے لیے 6.35 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ وزارت خزانہ کے مطابق لاپتہ افراد کے 945 خاندانوں کو مالی امداد دینے کی منظوری دی گئی، لاپتہ افراد کے خاندانوں کو 4 ارب 77 کروڑ روپے ادا ہوں گے۔
وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق ایف سی بلوچستان اور رینجرز کے ہیلی کاپٹرز کی مرمت کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔
وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق اراکینِ پارلیمنٹ کے 104 نئے فیملی سوئٹس کی تعمیر کی منظوری دی گئی۔ ای سی سی نے سی ڈی اے کو سرکاری عمارتوں کی دیکھ بھال کاجامع پلان پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق ای سی سی نے ایس ڈی جیز منصوبوں کے لیے 4 کروڑ روپے کی منظور دے دی، کنگ حمد نرسنگ یونیورسٹی کے لیے 25 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔
