23 C
Lahore
Wednesday, December 17, 2025
ہومکھیلوں کی خبریںچاہتا ہوں کہ تسکین احمد میرا اسپیڈ ریکارڈ توڑیں: شعیب اختر

چاہتا ہوں کہ تسکین احمد میرا اسپیڈ ریکارڈ توڑیں: شعیب اختر


فائل فوٹوز

پاکستان کے سابق لیجنڈری فاسٹ بولر شعیب اختر نے بنگلادیش کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر تسکین احمد کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے خواہش ظاہر کی ہے کہ وہ ان کا عالمی کرکٹ میں تیز ترین گیند کا دیرینہ ریکارڈ توڑ دیں۔

شعیب اختر کے نام بین الاقوامی کرکٹ کی تیز ترین گیند کا ریکارڈ آج بھی قائم ہے، جو انہوں نے 2003ء کے ورلڈکپ میں انگلینڈ کے خلاف 161.3 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کی گئی گیند کے ذریعے بنایا تھا۔

50 سالہ شعیب اختر اس وقت پہلی بار بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں بطور مینٹور شریک ہیں اور ڈھاکا کیپٹلز کے ساتھ وابستہ ہیں۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ میں اس سے قبل کبھی بی پی ایل کا حصہ نہیں رہا، تاہم میں نے اس لیگ کے بارے میں مثبت باتیں سنی ہیں۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ آخرکار مجھے یہاں آنے اور بی پی ایل کا حصہ بننے کا موقع ملا، جو کچھ بھی میں نے سیکھا ہے، خاص طور پر فاسٹ بولنگ کے حوالے سے، وہ کھلاڑیوں کو منتقل کرنا چاہتا ہوں، انہیں متحرک کرنا چاہتا ہوں اور میچ جیتنے کے لیے چند اہم نکات سکھانا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ تسکین احمد میرا اسپیڈ ریکارڈ توڑ دیں۔

شعیب اختر نے تسکین احمد کے ساتھ ساتھ بنگلادیش کے ایک اور تیز بولر ناہد رانا کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تسکین اس وقت بہترین فارم میں نظر آ رہے ہیں، وہ شارپ، فوکسڈ اور پُراعتماد دکھائی دیتے ہیں، جبکہ ناہد رانا بھی اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر تسکین احمد درست تربیت، مستقل محنت اور مثبت رویے کے ساتھ کھیلتے رہے تو وہ بہت آگے جا سکتے ہیں، میں جب بھی موقع ملا، انہیں ٹریننگ کے راز اور فاسٹ بولنگ کی باریکیاں ضرور بتاؤں گا۔

شعیب اختر نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی کھلاڑی کی کامیابی میں سب سے اہم کردار اس کا رویہ ہوتا ہے، جو میدان میں اس کی کارکردگی میں صاف جھلکتا ہے۔

واضح رہے کہ بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کے 12ویں ایڈیشن کا آغاز 26 دسمبر کو سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں سلہٹ ٹائٹنز اور راجشاہی واریئرز کے درمیان میچ سے ہوگا۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات