جنرل سیکریٹری پیپلز پارٹی سندھ سینیٹر وقار مہدی نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے بیان پر شدید ردعمل دیا ہے۔
وقار مہدی نے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان کا بیان اخلاقی دیوالیہ پن اور فکری افلاس کی بدترین مثال ہے، بھٹو شہید پر الزام حافظ نعیم الرحمان کی تاریخ سے لاعلمی ہے۔
سینیٹر وقار مہدی نے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان جھوٹ، دو نمبری اور بھونڈے بیانات سے اپنی ناکامی چھپا رہے ہیں، شہید ذوالفقار بھٹو پر بیہودہ الزام لگانا دراصل پاکستان کے آئین اور جمہوریت پر حملہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جماعتی صرف سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے ڈرامے بازی کرتے ہیں، حافظ نعیم الرحمان سیاسی یتیمی چھپانے کے لیے شہداء کی توہین کر رہے ہیں، بھٹو شہید نے ملک اور قوم کے لیے اپنی جان دی۔
وقار مہدی کا کہنا ہے کہ جھوٹے بیانیے سے عوام کو گمراہ نہیں کیا جاسکتا، تاریخ سب یاد رکھتی ہے، عوام اصلی اور نقلی قیادت میں فرق بخوبی جانتے ہیں، پیپلز پارٹی بھٹو شہید کی توہین برداشت نہیں کرے گی اور ہر محاذ پر جواب دیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ تاریخ یہ ہے کہ جماعت اسلامی کی قیادت آمر ایوب خان، آمر یحییٰ خان اور ضیاء الحق کی دم چھلا تھی، جماعت اسلامی نے ہر آمریت کو دوام بخشا، جماعت اسلامی نے ہر دورِ آمریت میں سیاسی اور مالی فوائد حاصل کیے۔
