گوگل کے ریجنل ڈائریکٹر نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں یوٹیوب پر کونٹینٹ بنانے کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے اور رواں سال میں 95 ہزار سے زائد پاکستانی چینلز نے 10 ہزار سبسکرائبرز کا سنگ میل عبور کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں یوٹیوب پر ویڈیو دیکھنے والے صارفین کی تعداد بڑھنے کے ساتھ ساتھ تخلیقی کام کرنے والوں کی رفتار تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ملک کے ڈیجٹیل منظرنامے پر تخلیق کاروں، فنکاروں اور اسٹوری ٹیلرز کا ایک متحرک نظام قائم ہوگیا ہے۔
سال 2026 کی طرف بڑھتا ہر قدم پاکستان انفلوئنسرز کی تخلیقی صلاحیتیں صرف ملک ہی نہیں بلکہ عالمی ناظرین کو بھی متاثر کررہی ہیں۔
گوگل کے مطابق سنہ 2025 میں 95 ہزار سے زائد پاکستانی یوٹیوب چینلز نے 10 ہزار سبسکرائبرز کا سنگِ میل عبور کیا ہے جبکہ 13 ہزار سے زیادہ چینل ایسے تھے جن کے ناظرین کی تعداد ایک لاکھ سبسکرائبرز سے تجاوز کر گئی۔
اسی طرح سے ایک ہزار سے زیادہ پاکستانی چینلوں نے 10 لاکھ سبسکرائبرز کا بڑا ہدف بھی عبور کیا جو عالمی سطح پر پاکستانی کونٹینٹ کی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔
اعلامیے کے مطابق سب سے زیادہ متاثر کن پہلو پاکستان کی بڑھتی ہوئی عالمی رسائی ہے جہاں پاکستانی مواد کے مجموعی واچ ٹائم کا 60 فیصد سے زائد حصہ بیرونِ ملک ناظرین پر مشتمل ہے۔
کراچی سے کوالالمپور، لاہور سے لندن تک، پاکستانی تخلیق کار ثقافت، تفریح اور مشترکہ انسانی تجربات کے ایسے پُل قائم کر رہے ہیں جو سرحدوں سے ماورا ہیں۔
گوگل کے ریجنل ڈائریکٹر برائے بزنس و آپریشنز فرحان قریشی کا کہنا ہے کہ ’پاکستانی تخلیق کاروں کی طرف سے جو کچھ ہم دیکھ رہے ہیں وہ صرف مقامی ناظرین کے لیے مواد تیار کرنے تک محدود نہیں بلکہ وہ ایسی کہانیاں، نقطۂ ہائے نظر اور تفریحی مواد تخلیق کر رہے ہیں جو براعظموں کے پار لوگوں کے دلوں کو چھو رہا ہے اور اس چیز کی ازسرِنو تعریف متعین کر رہا ہے کہ عالمی سطح کا تخلیق کار ہونے کا مطلب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’اس کا اثر صرف ویوز اور سبسکرائبرز تک محدود نہیں بلکہ یہ تخلیق کار پائیدار کاروبار قائم کر رہے ہیں، روزگار کے مواقع پیدا کر رہے ہیں اور پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں بامعنی کردار ادا کر رہے ہیں۔‘
گوگل کے ریجنل ڈائریکٹر نے کہا کہ یہ ایسی تخلیقی صلاحیت ہے جو ثقافتی اور معاشی دونوں حوالوں سے حقیقی ثمرات فراہم کر رہی ہے۔
پاکستان سے پیش کیا جانے والا متنوع مواد ملک کی شاندار ثقافت کی عکاسی کرتا ہے، تخلیق کار سنسنی خیز ڈراموں اور کھانے پکانے کی مہم جوئی سے لے کر پوڈکاسٹس، فیشن، لائف اسٹائل ویڈیوز، ایجوکیشنل مواد، دستاویزی فلموں اور ٹیکنالوجی کے جائزوں تک سب کچھ تخلیق کر رہے ہیں۔
