ہالی ووڈ کی مشہور ایکشن فلم سیریز فاسٹ اینڈ فیورس میں فٹبال کے عالمی سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کی شمولیت کے امکانات پر قیاس آرائیاں تیز ہوگئیں، فلم کے مرکزی اداکار وِن ڈیزل نے دلچسپ اشارہ دے دیا۔
وِن ڈیزل نے انسٹاگرام پر کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے ایسا کیپشن لکھا جس نے مداحوں کو پُرجوش کر دیا۔
انہوں نے لکھا کہ سب پوچھ رہے تھے کیا وہ فاسٹ مِتھالوجی کا حصہ ہوں گے؟ میں بتاتا چلوں، وہ واقعی اصل ہیں، ہم نے ان کے لیے ایک کردار لکھ دیا ہے۔
اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کا جوش دیدنی ہوگیا، ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ جی ٹی اے 6 سے پہلے فاسٹ ایکس میں رونالڈو کا آنا ناقابلِ یقین ہے، جبکہ ایک اور نے لکھا دنیا اگلی فاسٹ مِتھالوجی دیکھنے کے لیے بےچین ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فاسٹ اینڈ فیورس 11 کا ممکنہ نام فاسٹ فارایور رکھا گیا ہے، جو 2001ء میں شروع ہونے والی اس فلمی فرنچائز کا آخری باب ہوگا۔
اگرچہ فلم کی پروڈکشن میں تاخیر کا سامنا رہا ہے، تاہم اسے 2026ء میں ریلیز کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا، جس سے رونالڈو کی شمولیت کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔
