کوئٹہ:
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بتایا ہے کہ کسٹمز انفورسمنٹ نے کوئٹہ میں دو بڑی کارروائیاں کیں اور اس دوران ایک ارب 38کروڑ روپے مالیت کی منشیات، اسمگل شدہ سامان اور گاڑیاں ضبط کر لی ہیں۔
ایف بی آر نے بتایا کہ کلکٹریٹ کے عملے نے زیارت کراس پر پنجاب اور خیبر پختونخوا منتقل کیےجانے والے تین کنٹینرز روکا جہاں بھاری مالیت کا حامل سامان ضبط کیا۔
کارروائی کے حوالے سے کہا گیا کہ ضبط شدہ سامان میں 22.14 کلوگرام منشیات، سگریٹ، چھالیہ، انڈین ادویات، چائنہ نمک، آٹو پارٹس، ایک (آر او سی او) گاڑی اور تین ہینو ٹرک شامل ہیں۔
ایف بی آر نے بتایا کہ ایک اور کارروائی میں کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ کے عملے نے زیارت کراس پولیس کی مدد سے ایک (آر او سی او) گاڑی سے منشیات برآمد کر لیں، منشیات گاڑی کے نچلے حصے میں اسپیئر وہیل کے اندر چھپائی گئی تھیں۔
ایف بی آر کے مطابق بین الاقوامی منڈی میں برآمد کردہ منشیات کی مالیت کا تخمینہ ایک ارب 23 کروڑ روپے ہے، ضبط کی گئی تمام منشیات، سامان اور گاڑیاں تحویل میں لے کر کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ ایف بی آر ملک بھر میں منشیات، اسمگلنگ، غیر قانونی تجارت اوردیگر غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف بھرپور اقدامات کےلیے پرعزم ہے۔
