وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں خشک سالی کی صورتِ حال سنگین ہوتی جا رہی ہے، اس سے متعلق جامع منصوبہ بندی کر ریے ہیں۔
کوئٹہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ 200 ارب کی پی ایس ڈی میں اتنے بڑے چیلنجز کا مقابلہ نہیں ہو سکتا، صوبے میں دہشت گردی کا گراف رواں سال کم ہوا، آئندہ سال نمایاں بہتری آ جائے گی۔
وزیرِ اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی بڑھنے کی 2 وجوہات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی فوج کے افغانستان سے جانے کے بعد اسلحہ دہشت گردوں کے ہاتھ لگا، دہشت گردوں کو 2018ء میں جیلوں سے چھوڑا گیا۔
وزیرِ اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات ملتوی ہونے چاہئیں، ہم بلدیات کا نیا نظام لا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں بھی نئے بلدیاتی نظام کے تحت الیکشن ہونے چاہئیں۔
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ نئے صوبے بنانے کے لیے اتفاقِ رائے ہونا چاہیے، لسانی اور مذہبی بنیادوں پر صوبے نہیں بننے چاہئیں۔
