اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے پاکستان نیوی کے ساتھ مل کر ایک کامیاب مشترکہ ساحلی آپریشن کے دوران منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق یہ کارروائی مبارک ویلیج کے ساحل کے قریب کی گئی جہاں سے بھاری مقدار میں 30 ارب روپے سے زائد مالیت کی منشیات قبضے میں لی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ انٹیلیجنس اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ کشتیوں کے ذریعے بھاری مقدار میں منشیات اسمگل ہورہی ہیں جنہیں بین الاقوامی پانیوں تک منتقل کیا جانا تھا۔ ان اطلاعات کی بنیاد پر اے این ایف اور پاکستان نیوی نے مشترکہ آپریشن کیا۔
کارروائی کے دوران مجموعی طور پر ایک ہزار کلوگرام چرس اور 200 کلوگرام میٹفٹامائن (آئس) تحویل میں لے لی گئی جو ساحلی پٹی کے قریب موجود کشتیوں سے برآمد کی گئیں۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق برآمد ہونے والی منشیات کی مجموعی مالیت 108 ملین امریکی ڈالرز جبکہ پاکستانی کرنسی میں 30 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اے این ایف اور پاکستان نیوی سمندر کے راستے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مربوط اور مؤثر آپریشنز جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
