اپوزیشن اتحاد تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے نائب صدر اور سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد سڑکوں پر نہیں آنا چاہتا، ہم ڈائیلاگ چاہتے ہیں۔
’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو میں مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ جماعتوں کے اندر اختلافات ہوتے رہتے ہیں، پی ٹی آئی بڑی جماعت ہے جس میں چھوٹے موٹے اختلافات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات اتنے بڑے نہیں کہ جماعت کی پالیسی کوڈسٹرب کر سکیں۔
سابق سینیٹر نے کہا کہ جب اپوزیشن سڑکوں کا رخ اختیار کرتی ہے اس کا مطلب حکومت کو مذاکرات کے لیے مجبور کیا جائے۔
اُن کا کہنا ہے کہ احتجاج کرنا ہمارا جمہوری اور آئینی حق ہے، اس وقت جو صورتِ حال ہے ہم کوئی انتہائی قدم نہیں اٹھانا چاہتے۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اپنے مطالبات پر اتفاقِ رائے پیدا کر لیں کہ کن مطالبات کو آگے لے کر بڑھنا ہے، ملک کو انتظامی اصلاحات کی ضرورت ہے۔
سابق سینیٹر نے کہا کہ بانی چیئرمین نے پارٹی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے مشاورت کریں۔
انہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے پارٹی کو کہہ دیا ہے کہ فیصلے محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے مشاورت کے بعد ہی کیے جائیں، ان ہی دونوں کو اختیار ہے کہ وہ اپوزیشن جماعت کی پالیسی سازی میں کردار ادا کریں۔
