پاکستانی ٹیم اے ایف سی انڈر 17 فٹ بال ایونٹ سے تو باہر ہو گئی لیکن اپنے گروپ کے آخری میچ میں گوام کے خلاف ریکارڈ ساز 11-0 کی فتح حاصل کر ریکارڈ ساز کامیابی اپنے نام کر لی۔
کپتان صمد اور کلیم اللّٰہ جونیئر نے ہیٹ ٹرکس بنائیں، قومی ٹیم نے ایونٹ میں اپنے کوٹے کے 5 میچز مکمل کرلئے، انہیں 2 میچز میں شکست اور 3 میں فتح حاصل ہوئی۔
کرغیزستان کے دوستک ایرینا میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گوام کی ٹیم کو دباؤ میں رکھا، پاکستانی کپتان صدر نے 4 جبکہ کلیم اللّٰہ جونیئر نے 3 گول کیے۔
ایونٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر یمن کی ٹیم نے 5 میچز کھیلے، جن میں تمام میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 15 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے اور اس نے اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ کوالیفائنگ کے اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی۔
پاکستانی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی، جس نے یمن اور لاؤس کے خلاف شکست کھائی جبکہ گوام، میزبان کرغیزستان اور کمبوڈیا کے خلاف کامیابی حاصل ہوئی۔
کلیم اللّٰہ جونیئر جنہیں ایونٹ کے ابتدائی 4 میچوں میں موقع نہیں دیا گیا تھا، انہوں نے گوام کے خلاف آخری میچ میں موقع ملنے پر 3 شاندار گول کر کے گزشتہ میچوں میں موقع نہ دینے کا کوچز کو کرارا جواب دیا۔
ایونٹ میں شرکت کرنےوالی ٹیم کی ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹیم میں شامل تمام کھلاڑی پاکستان میں کھیلنے والے تھے۔
