پاکستان کے افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی محمد صادق نے بتایا ہے کہ پاکستان افغانستان کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدہ ہوگیا ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں پاکستان کے افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی محمد صادق نے بتایا ہے کہ پاکستانی سیکریٹری کامرس جواد پال اور افغان نائب وزیر تجارت ملا احمد اللّٰہ زاہد نے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان کو آم، کینو، کیلے اور آلو برآمد کرے گا، افغانستان پاکستان کو انگور، انار، سیب اور ٹماٹر ترجیحی ٹیرف پر برآمد کرے گا۔
محمد صادق کا مزید کہنا ہے کہ ان اشیاء پر پہلے ٹیرف کی شرح 60 فیصد سے زائد تھی، اب کم ہو کر 27 فیصد کردی گئی ہے۔
پاکستان کے افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹیرف کی شرح یکم اگست 2025ء سے 1 سال کے لیے نافذ العمل ہو گی۔