عالمی جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے انفرادی ایونٹ میں پاکستان کا سفر ختم ہوگیا۔ پاکستان کے واحد کھلاڑی عبداللہ نواز کو مصری کھلاڑی آدم حویل نے پری کوارٹر فائنل میں 0-3 سے مات دے دی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق مصر کے شہرنیوقاہرہ میں جاری عالمی جونیئر اسکواش چیمپین شپ کے انفرادی ایونٹ کے چوتھے راؤنڈ میں واحد پاکستانی کھلاڑی عبداللہ نواز مسلسل تیسری کامیابی کے بعد پری کوارٹر فائنل میں ہمت ہار گئے۔
آدم حویل نے عبداللہ نواز کے خلاف پہلا گیم 6-11 سے جیتا اور دوسرے گیم میں 5-11 سے فتح حاصل کرنے کے بعد تیسرے گیم میں باآسانی 2-11 سے کامیابی حاصل کر کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
واضح رہے عبداللہ نواز نے تیسرے راؤنڈ میں امریکا کے آسکر، دوسرے راؤنڈ میں کینیڈا کے روہن پلوال اور پہلے راونڈ میں ہانگ کانگ کے کینگ ان لیونگ کو شکست دی تھی۔
پاکستان کے 4 میں سے 3 کھلاڑی محمدعمیرعارف، یحییٰ خان اور انس علی شاہ پہلے ہی راؤنڈ میں ہار گئے تھے۔
عالمی جونیئر سکواش چیمپئن شپ کا ٹیم ایونٹ27 جولائی سے شروع ہوگا۔ پاکستان جونیئر ٹیم میں عبداللہ نواز، انس علی شاہ بخاری، محمد عمیر آصف اورعبیداللہ شامل ہیں۔