بالی ووڈ کا ایک ایسا اداکار بھی ہے جس کے پاس 5000 کروڑ روپے کی مجموعی لاگت والی فلمیں ہیں، جو اسے اس وقت بھارت کا سب سے زیادہ ڈیمانڈنگ اسٹار بناتی ہیں۔
تینوں خان 3 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے ہندی سنیما کے اہم ستون رہے ہیں، سپر اسٹارز رجنی کانت، موہن لال، کمل ہاسن، پربھاس اور چرنجیوی کے ساتھ مل کر انہوں نے پورے بھارت میں باکس آفس پر راج کیا ہے لیکن پچھلے چند سال میں ان کے غلبے کو نوجوان اداکاروں کی ایک لہر سے خطرہ لاحق ہوا ہے، جن میں سے بہت سے اپنی الگ میراث قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور یہ سچ ثابت ہو رہا ہے، کیونکہ جولائی 2025ء تک اداکار رنبیر کپور کے پاس اتنے بڑے بجٹ کی فلمیں تھیں جو تمام خانوں کی فلموں کے مشترکہ بجٹ سے بھی زیادہ ہیں۔
رنبیر کپور آخرکار براہماستر اور اینیمل کی کامیابی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، یہ دونوں فلمیں باکس آفس پر مختلف پیمانوں پر کامیاب رہیں اور ان کے بڑے بجٹ کے سیکوئلز کو منظوری مل چکی ہے اور وہ زیرِ تکمیل ہیں۔
سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایت کاری میں بننے والی اینیمل پارک کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اسے اینیمل سے بھی بڑے پیمانے پر بنایا جائے گا، جس کا مطلب ہے کہ اس کا بجٹ 100 کروڑ روپے سے زیادہ ہو گا۔
اسی طرح براہماستر پارٹ ٹو کے بھی پہلے حصے سے بڑی ہونے کا وعدہ کیا جا رہا ہے اور انڈسٹری کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کا بجٹ 400 کروڑ روپے سے بھی تجاوز کر سکتا ہے۔
رنبیر کے پاس نئی اوریجنل فلمیں بھی ہیں، حالانکہ یہ دونوں فلمیں ابھی پری پروڈکشن میں ہیں، اداکار اس وقت سنجے لیلا بھنسالی کی فلم لو اینڈ وار کی شوٹنگ کر رہے ہیں، اس فلم میں وکی کوشل اور عالیہ بھٹ بھی شامل ہیں، جس کا بجٹ مبینہ طور پر 200 کروڑ روپے ہے۔
رنبیر کی سب سے بڑی کامیابی نتیش تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی 2 رامائن فلمیں ہیں۔
پروڈیوسر نمت ملہوترا نے حال ہی میں تسلیم کیا کہ ان دونوں فلموں کا مشترکہ بجٹ 500 ملین ڈالرز (4300 کروڑ روپے) ہو گا۔
رنبیر اس طرح خانز، پربھاس اور یہاں تک کہ رجنی کانت کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں، اس وقت رنبیر کے تمام پروجیکٹس کی مجموعی لاگت 5000 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔
دوسری جانب شاہ رخ خان جس واحد فلم پر کام کر رہے ہیں وہ ہے ’کنگ‘ جس کا بجٹ مبینہ طور پر 350 کروڑ روپے ہے۔
سلمان خان کی ’گلوان ویلی‘ بھی اسی پیمانے پر بنائی جا رہی ہے، عامر خان نے ابھی اپنی اگلی فلم کا اعلان نہیں کیا ہے، یہاں تک کہ پربھاس جیسا ایک مصروف اور فارم میں موجود اسٹار بھی بہت پیچھے ہے، ان کی 3 آنے والی فلمیں دی راجہ صاب، فوجی اور اسپرٹ کی مجموعی لاگت 1000 کروڑ روپے سے کچھ کم بتائی جا رہی ہے۔
2026ء کا آغاز رنبیر کے لیے ایک بڑے ٹکراؤ کے ساتھ ہو گا جب وہ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم لو اینڈ وار میں وکی کوشل کے مدِمقابل ہوں گے۔
ذرائع نے بھارتی میڈیا کو بتایا تھا کہ فلم ساز دونوں اداکاروں کے درمیان ٹکراؤ کے لیے بھارتی سنیما کی تاریخ کے سب سے بڑے مناظر میں سے ایک کی فلمبندی کر رہے ہیں۔