28 C
Lahore
Thursday, July 24, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںبرطانیہ میں لواحقین کو غلط لاشیں بھیج دی گئیں

برطانیہ میں لواحقین کو غلط لاشیں بھیج دی گئیں


گزشتہ ماہ احمد آباد میں حادثے کا شکار ہونے والا ایئر انڈیا کا طیارہ—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

12 جون کو ہونے والے ایئر انڈیا حادثے کے متاثرین کے لواحقین کی نمائندگی کرنے والے ایک وکیل نے دعویٰ کیا ہے کہ برطانیہ میں 2 خاندانوں کو غلط میتیں بھیجی گئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میتیں احمد آباد کے ایک سرکاری اسپتال سے سربمہر تابوتوں میں بھیجی گئی تھیں اور اس گڑبڑ میں ایئر انڈیا کا کوئی کردار نہیں تھا۔

بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ متاثرین کی شناخت قائم شدہ پروٹوکول کے مطابق کی گئی۔

لواحقین کی نمائندگی کرنے والے وکیل کے مطابق برطانیہ میں ایئر انڈیا حادثے کے متاثرین کے کم از کم دو خاندانوں کو غلط لاشیں موصول ہوئیں۔

بھارت میں ذرائع نے بتایا ہے کہ لاشیں احمد آباد کے ایک سرکاری اسپتال کی طرف سے ڈی این اے سیمپلنگ کے بعد سربمہر تابوتوں میں بھیجی گئی تھیں اور اس گڑبڑ میں ایئرلائن کا کوئی کردار نہیں تھا۔

بھارت کی وزارتِ خارجہ امور (MEA) نے کہا ہے کہ لاشوں کی شناخت کے لیے قائم شدہ اصولوں پر عمل کیا گیا اور میتوں کو وقار کا مکمل خیال رکھتے ہوئے سنبھالا گیا۔

خاندانوں کی نمائندگی کرنے والی قانونی فرم کے وکیل نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ حادثے کے متاثرین کی میتوں کی غلط شناخت کی گئی اور انہیں برطانیہ بھیج دیا گیا، اس گڑبڑ کا انکشاف اس وقت ہوا جب لندن میں کورونر (لاشوں کی شناخت کرنے والے افسر) نے متوفی افراد کی میتوں کی تصدیق کے لیے ان کے ڈی این اے کا موازنہ کرنے کی کوشش کی۔

وکیل نے کہا ہے کہ یہ پتہ چلتے ہی ایک خاندان کو اپنے پیارے کی تدفین ترک کرنی پڑ گئی۔

وکیل کے مطابق ایک دوسرے خاندان کو اپنے عزیز کی باقیات ایک دوسرے مسافر کی باقیات کے ساتھ ملیں اور دونوں متاثرین کی باقیات ایک ہی تابوت میں رکھی گئی تھیں۔

وکیل نے بتایا کہ اس خاندان کو اپنے عزیز کی تدفین سے پہلے دونوں مسافروں کی باقیات کو الگ کروانا پڑا۔

اس سنگین معاملے پر لندن اور بھارت میں اعلیٰ سطح کی تحقیقات جاری ہیں۔

توقع ہے کہ برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر اس ہفتے بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی کے برطانیہ کے سرکاری دورے کے دوران اس معاملے پر تشویش کا اظہار کریں گے۔

واضح رہے کہ 12 جون کو احمد آباد میں گیٹ وِک جانے والی پرواز AI171 کے حادثے میں جہاز میں سوار 241 افراد ہلاک ہو گئے تھے، ہلاک ہونے والوں میں 53 برطانوی شہری بھی تھے۔

رپورٹ کے مطابق کئی برطانوی شہریوں کی آخری رسومات بھارت میں ادا کی گئیں، جبکہ 12 مسافروں کی میتیں برطانیہ بھیجی گئیں۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات