28 C
Lahore
Thursday, July 24, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںاسرائیل کے فلسطینیوں کو ’انسانی وقار‘ سے محروم کرنے پر برطانیہ کی...

اسرائیل کے فلسطینیوں کو ’انسانی وقار‘ سے محروم کرنے پر برطانیہ کی مذمت


—فائل فوٹو 

برطانیہ نے 24 دیگر ممالک کے ساتھ مل کر اسرائیل پر فلسطینی عوام کو ’انسانی وقار‘ سے محروم کرنے کی مذمت کرتے ہوئے غزہ میں جاری جنگ کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

برطانوی وزیرِ خارجہ ڈیوڈ لامی نے آسٹریلیا، کینیڈا، فرانس اور دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ کے ہمراہ ایک مشترکا بیان میں اسرائیلی حکومت پر امدادی سامان کی فراہمی پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی شہریوں کی تکلیفیں ’نئی انتہا‘ کو پہنچ چکی ہیں۔

وزرائے خارجہ نے اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز کی اس تجویز کو بھی ’قطعی طور پر ناقابل قبول‘ قرار دیا ہے جس میں 6 لاکھ فلسطینیوں کو رفح کے علاقے میں قائم ایک نام نہاد ’انسانی شہر‘ میں منتقل کرنے کی بات کی گئی ہے، یہ ایک ایسا علاقہ ہے جو خود اسرائیلی بمباری سے بری طرح تباہ ہو چکا ہے۔

برطانوی وزیرِ اعظم سر کیئر اسٹارمر نے بھی دارالعوام کی لائژن کمیٹی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں صورتحال ناقابل برداشت ہو چکی ہے، انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا ہے کہ برطانیہ فلسطینی ریاست کو امن کے امکانات کے لیے موزوں وقت پر تسلیم کرے گا۔

یاد رہے کہ پیر کے روز اسرائیلی افواج نے وسطی غزہ کے شہر دیر البلح پر فضائی و زمینی حملے شروع کر دیےتھے جو اس وقت امدادی سرگرمیوں کا مرکز ہے، ان حملوں کے ساتھ ساتھ قحط کی سنگین وارننگز بھی سامنے آ رہی ہیں اور ایک روز قبل خوراک کے حصول کے لیے جمع فلسطینی شہریوں پر حملے میں کم از کم 85 افراد شہید ہوئے تھے جو گزشتہ 21 ماہ میں سب سے ہلاکت خیز دن ثابت ہوا۔

عالمی ادارہ خوراک (WFP) نے تصدیق کی ہے کہ اتوار کے دن شہید ہونے والے افراد اسرائیل کے ساتھ سرحدی باڑ کے قریب جمع تھے جہاں وہ اقوام متحدہ کے امدادی قافلے سے آٹے کے حصول کی امید لیے کھڑے تھے، اسی دوران ان پر اسرائیلی ٹینکوں اور اسنائپرز نے فائرنگ کر دی۔ 

وزیرِاعظم سر کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ غزہ میں زمینی حالات کئی سطحوں پر ناقابل برداشت ہیں، خواہ وہ امداد کی قطار میں کھڑے افراد کی ہلاکت ہو یا فلسطینیوں کو مخصوص علاقوں میں محصور کرنے کی کوشش، یہ سب اصولی طور پر غلط اور ناقابل قبول ہے۔

پیر کے دن جاری کردہ بیان میں وزرائے خارجہ نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل فوری طور پر امدادی سامان کی ترسیل پر پابندیاں ختم کرے اور اقوام متحدہ اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں کو اپنا کام کرنے کی اجازت دے۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات