کراچی:
سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے سیفل گوٹھ اور گودھرا کے سنگم پر نامعلوم مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے کم عمر لڑکے کو قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پیر کی صبح سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانے کے علاقے سیفل گوٹھ اور گودھرا کے سنگم پر نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے کم عمر لڑکے کو قتل کر دیا جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں مقتول لڑکے کی شناخت 16 سالہ اخلاق ولد گلاب کے نام سے کی گئی۔
مقتول لڑکا سہراب گوٹھ تھانے کی حدود میں واقع نورخان گوٹھ میں اپنے چاچا کے گھر مقیم تھا جبکہ مقتول لڑکے کا آبائی تعلق گھوٹکی سے تھا۔
سائٹ سپرہائی وے تھانے کے ڈیوٹی افسر اے ایس آئی ضیاء نے بتایا کہ مقتول لڑکا پاپڑ فیکٹری میں کام کرتا تھا اور صبح 8 بجے کے قریب مقتول لڑکا اپنے چاچا کے گھر سے نکل کر پیدل پاپڑ فیکٹری جا رہا تھا کہ سیفل گوٹھ اور گودھرا کے سنگم پر موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے مقتول لڑکے پر اندھا دھند فائرنگ کر دی اور فرار ہوگئے۔
فائرنگ کے نتیجے میں مقتول لڑکے کو گردن، کنپٹی اور چہرے پر تین گولیاں لگیں جس کے باعث لڑکا موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
ڈیوٹی آفسر نے بتایا کہ پولیس کو جائے وقوع سے 30 بور پستول کے تین چلیدہ خول ملے ہیں جنہیں پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مقتول لڑکے کو خاندانی دشمنی کے نتیجے میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے، مقتول کے رشتہ داروں کے مطابق ان کی آبائی گاؤں میں باپ دادا کے دور سے دشمنی چلی آ رہی ہے۔
ڈیوٹی افسر کا کہنا ہے کہ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرکے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔