27 C
Lahore
Wednesday, July 23, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںمائیکرو سافٹ کے سرور پر بڑا سائبر حملہ، 100 ادارے متاثر

مائیکرو سافٹ کے سرور پر بڑا سائبر حملہ، 100 ادارے متاثر


— فائل فوٹو 

ایک سنگین سائبر حملے میں مائیکروسافٹ کے شیئر پوائنٹ سرور سافٹ ویئر کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کی وجہ سے تقریباََ 100 ادارے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے دو اداروں نے اس حملے کی اطلاع دی ہے۔

مائیکروسافٹ نے ہفتے کے روز ایک انتباہ جاری کیا تھا کہ کمپنی کی شیئر پوائنٹ ایپ کے ان سرورز پر حملے جاری ہیں جو سرورز اداروں کے اندر دستاویزات کے اشتراک اور باہمی تعاون کے لیے وسیع پیمانے پر استعمال ہوتے ہیں۔

انتباہ میں یہ بھی بتایا تھا کہ وہ شیئرپوائنٹ سرورز جو مائیکروسافٹ کے اپنے کلاؤڈ پر چل رہے ہیں، اس حملے سے متاثر نہیں ہوئے۔

کمپنی نے اس سائبر حملے کو زیرو ڈے (Zero-Day) کا نام دیا ہے کیونکہ اس میں ایک ایسی کمزوری کو استعمال کیا گیا ہے جو پہلے کبھی ظاہر نہیں ہوئی، اس طریقے سے ہیکرز کمزور سرورز میں داخل ہو کر ایک بیک ڈور انسٹال کر سکتے ہیں اور پھر وہ مسلسل ان اداروں تک رسائی برقرار رکھ سکتے ہیں جنہیں اُنہوں نے نشانہ بنایا ہے۔

نیدرلینڈز کی سائبر سیکیورٹی کمپنی آئی سیکیورٹی کے چیف ہیکر وائشا برنارڈ نے بتایا کہ جمعہ کو اپنے ایک کلائنٹ کو نشانہ بنائے جانے کے بعد ان کے ادارے نے ایک انٹرنیٹ اسکین کیا جس میں تقریباً 100 متاثرہ ادارے سامنے آئے۔ 

اُنہوں نے مزید بتایا کہ یہ تعداد اُس وقت کی ہے جب اس حملے کی تکنیک وسیع پیمانے پر ظاہر نہیں ہوئی تھی۔

وائشا برنارڈ نے متاثرہ اداروں کی شناخت ظاہر کرنے سے انکار کیا تاہم یہ بتایا ہے کہ متعلقہ قومی حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

شیڈو سرور فاؤنڈیشن نے بھی اس سائبر حملے میں 100 اداروں کے متاثر ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ زیادہ تر متاثرہ ادارے امریکا اور جرمنی کے ہیں جن میں وہاں کے حکومتی ادارے بھی شامل ہیں۔

اس حوالے سے برطانوی سائبر سیکیورٹی کمپنی سوفوس کے ڈائریکٹر برائے تھریٹ انٹیلیجنس ریف پلنگ نے بتایا کہ اب تک حملے ایک ہی ہیکر یا گروہ کی کارروائی لگتے ہیں لیکن یہ صورتحال جلد ہی بدل سکتی ہے۔

مائیکروسافٹ نے ایک بیان میں کہا کہ کمپنی نے سیکیورٹی اپڈیٹس جاری کردی ہیں اور صارفین کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ وہ فوری طور پر انہیں انسٹال کریں۔

واضح رہے کہ ابھی تک یہ پتہ نہیں چلا کہ ان سائبر حملوں کے پیچھے کون ہے لیکن انٹرنیٹ ٹریفک کے وسیع پیمانے پر مرئیت رکھنے والے گوگل کا خیال ہے کہ حالیہ سائبر حملوں میں سے کچھ کے پیچھے چین ہو سکتا ہے۔

واشنگٹن میں موجود چینی سفارت خانے نے فوری طور پر اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات