دیامر میں کلاؤڈ برسٹ سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے باعث جاں بحق ہونے والے 2 افراد کی شناخت ہو گئی ہے۔
متاثرہ فیملی کے ایک ممبر ڈاکٹر حفیظ نے کہا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ڈاکٹر مشال اور ان کے دیور فہد کے نام سے ہوئی ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر سعد اسلام کی اہلیہ ڈاکٹر مشال اور بھائی فہد کی لاشیں لودھراں لائی جا رہی ہیں۔
جاں بحق ہونے والے افراد لودھراں کے رہائشی تھے، جاں بحق ڈاکٹر کے والد بھی دیامر میں زخمی ہوئے ہیں جبکہ 3 سال کا بیٹا لاپتہ ہے۔
فیملی ذرائع کے مطابق لودھراں کی سیاح ڈاکٹر فیملی کے 19 افراد کوسٹر میں گلگت بلتستان گئے تھے، کوسٹر میں موجود دیگر 16 افراد حفاظت سے ہیں۔
اس سے قبل ڈپٹی کمشنر دیامر عطاء الرحمان نے کہا تھا کہ دیامر میں کلاؤڈ برسٹ سے 15 مقامات شدید متاثر ہیں، بابو سر سے نیچے تھک کے مقام پر کلاؤڈ برسٹ ہوا ہے، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بابو سر روڈ کو بند کردیا گیا ہے۔
چلاس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 3 سیاحوں کی لاشیں ملی ہیں، ایک معمر شخص شدید زخمی حالت میں ملا ہے، 7 سے 8 کلو میٹر روڈ مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے، 10 سے 15 گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئی ہیں۔