کراچی:
شہر قائد میں پیش آنے والے مختلف حادثات و پرتشدد واقعات کے نتیجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے، جب کہ دو افراد زخمی ہو گئے، پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعات شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آئے۔
کلفٹن کے علاقے شاہ رسول کالونی میں واقع ایک دکان پر 18 سالہ نوجوان شیاں کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق نوجوان کی لاش کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا، واقعہ کے وقت وہ مقصود ملک شاپ پر موجود تھا۔
کورنگی مہران ٹاؤن کے شیطان چوک میں واقع ایک گھر میں پراسرار فائرنگ کے نتیجے میں فیصل ستار نامی شخص زخمی ہو گیا، چھیپا حکام کے مطابق زخمی کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
لیاری کے علاقے بہار کالونی میں خلیفہ ہوٹل کے قریب تیز دھار آلے کے وار سے صدام حسین نامی شخص زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ زخمی کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع عارف جئے جا اسٹریٹ کی ایک عمارت کے مشین روم سے 50 سالہ ندیم نامی شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، ایدھی حکام کے مطابق لاش دو سے تین روز پرانی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی گاڑیوں کی پارکنگ کا کام کرتا تھا۔ ابتدائی طور پر وجہ موت معلوم نہیں ہو سکی۔ پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد ہی موت کی اصل وجہ معلوم ہو سکے گی۔