وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزہ فاطمہ خواجہ نے ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئٹر طلحہ احمد سے ملاقات کی اور ان کے خاندانی مزاحیہ انداز اور مثبت ڈیجیٹل سرگرمیوں کو سراہا۔
شزہ فاطمہ نے طلحہ احمد کے تخلیقی کام کو پاکستان کے ڈیجیٹل منظرنامے میں ایک مثبت اضافہ قرار دیا اور نوجوانوں کو سوشل میڈیا کو مثبت سوچ، جدت اور کہانی سنانے کے مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرنے کی ترغیب دی۔
ملاقات کے دوران شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ طلحہ جیسے نوجوان کریئٹرز پاکستان کا روشن چہرہ ہیں، جو نہ صرف تفریح فراہم کر رہے ہیں بلکہ معاشرتی ہم آہنگی اور اخلاقی اقدار کو بھی فروغ دے رہے ہیں۔
طلحہ احمد اپنی صاف ستھری اور خاندانی مزاحیہ ویڈیوز کے ذریعے نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں طلحہ احمد کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی تھی، وزیراعظم نے طلحہ احمد کی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر کونٹینٹ کی تعریف کی اور انہیں اعزازی شیلڈ بھی دی تھی، شہباز شریف نے طلحہ احمد کو ذاتی طور پر لیپ ٹاپ اور الیکٹرانک ٹیبلیٹ بھی دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نہ صرف نوجوان بلکہ بچے بھی آج کی دنیا میں اپنی صلاحیت منوا رہے ہیں۔ طلحہ احمد پاکستانی قوم کی لامحدود استعداد کی ایک مثال ہے۔