ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ملنے کے معاملے کی تفتیش جاری ہے حمیرا کے فلیٹ میں تین سے چار جگہ پر مٹی کے برتن میں سفید پاؤڈر رکھا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے سفید پاؤڈر کیمیکل تجزیے کے لیے لیبارٹری بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، بظاہر اتنی جگہوں پر سفید پاؤڈر رکھنے کی کوئی وجہ سامنے نہیں ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر سفید پاؤڈر کی وجہ سے لاش کی بدبو نہ پھیلی ہو، کیمیکل تجزیے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گا کہ سفید پاؤڈر کیا ہے؟ پولیس اب تک اس بات کی کھوج میں ہے کہ لاش کی بدبو کیوں نہیں پھیلی؟ اداکارہ کے کپڑے بھی فلیٹ سے لے کر کیمیکل تجزیے کے لیے بھیجے جائیں گے۔
واضح رہے کہ 8 جولائی کو اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں ایک فلیٹ سے ملی، وہ گزشتہ 7 سال سے اس کرائے کے فلیٹ میں مقیم تھیں، اداکارہ 2018ء میں لاہور سے کراچی منتقل ہوئی تھیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق خاتون فلیٹ میں 7 سال سے اکیلی رہ رہی تھیں، 2018ء میں فلیٹ کرائے پر لیا تھا اور وہ 2024ء سے کرایہ نہیں دے رہی تھیں۔
کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں مالک مکان نے کیس کیا تھا، بیلف آیا تو دروازہ بند تھا، دروازہ نہ کھلنے پر توڑا گیا تو کمرے میں زمین پر خاتون کی لاش پڑی تھی۔