بھارتی اداکارہ اور سابق فوٹو ماڈل شلپا شروڈکر نے اپنی موت کے حوالے سے اخبارات میں شہ سرخیوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ایسا ہوا تو میں نے لوگوں کو آگاہ کیا کہ یہ حقیقت نہیں بلکہ ایک فلم کی پروموشن کا حصہ تھا۔
اس عجیب و غریب واقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے ممبئی سے تعلق رکھنے والی 52 سالہ اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب یہ بات پھیلی تو انکے گھر والے پریشان ہوگئے۔
ایک بھارتی میڈیا ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے 1990 کے عشرے میں کئی ہٹ فلموں میں کام کرنے والی شلپا کے مطابق وہ فلم رگھوویر کی شوٹنگ میں مصروف تھیں تب یہ واقعہ پیش آیا اور اس سے میرے گھر والے بہت ذہنی پریشانی کا شکار ہوئے۔
انکے مطابق ہم ہماچل پردیش کے پہاڑی مقام کولو منالی میں تھے۔ اس زمانے میں ہمارے پاس موبائل فون نہیں ہوتے تھے تو میرے والد ہوٹل فون ملانے کی کوشش کرتے رہے، میں اداکار سنیل شیٹی کے ساتھ شوٹنگ کر رہی تھی۔
ہر کوئی جو شوٹنگ دیکھ رہا تھا وہ سوچ رہا تھا کہ کہ شلپا ہے یا کوئی اور کیونکہ انھیں اس خبر کے بارے میں معلوم تھا۔ جب کمرے میں واپس آئی تو میرے والد کے کئی فون آچکے تھے اور گھر والے پریشان تھے، اخبار میں خبر چلی تھی کہ مجھے گولی مار دی گئی ہے۔
تب میں نے بتایا کہ یہ ایک فلم کی پروموشن تھی میں بالکل ٹھیک ہوں۔ واضح رہے کہ شلپا کی بڑی بہن نمریتا شروڈکر بھی بالی ووڈ کی معروف ادکارہ ہیں۔