کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ کھل کر فیڈریشن کے خلاف آگئے۔ لاہور میں میڈیا سے بات چیت میں کپتان نے واجبات کی عدم ادائیگی سے اپنی آڈیو کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنی باتوں پر قائم ہوں، ضرورت پڑی تو دوبارہ بھی ایسی بات کروں گا۔ فیڈریشن نے ابھی تک ہمارے واجبات ادا نہیں کیے، ہاکی باتوں سے ٹھیک نہیں ہوگی، سہولتیں دی جائیں، فیڈریشن کو اپنے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔ بغاوت کے حوالے سے باتیں سننے کو مل رہی ہیں، ابھی ایسی کوئی بات نہیں ہے ، فیصلہ ہوگا تو پتہ چل جائے گا۔