پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ کا کہنا ہے کہ سمجھتا ہوں اس وقت بھارت جانا ہمارے لیے خطرے سے خالی نہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے کہا ہے کہ ایشیاء کپ ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہے، ایونٹ میں شرکت کے حوالے سے فیڈریشن نے حکومت سے بات کی ہے، جو فیصلہ ہو گا اسی پر عمل کریں گے۔
کپتان قومی ہاکی ٹیم نے کہا کہ ہمارے لیے ایشیاء کپ بڑا اہم ٹورنامنٹ ہے، جس کے لیے خود کو تیار کر رہے ہیں، اس وقت تیاری بڑی اچھی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ اس وقت بھارت جانا ہمارے لیے خطرے سے خالی نہیں، اُمید ہے کہ تمام کھلاڑی جلد آ کر ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔
عماد بٹ نے کہا کہ فیڈریشن نے ابھی تک ہمارے واجبات ادا نہیں کیے ہیں، جو کمٹمنٹ ہو اس کو پورا کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ فیڈریشن کے پاس ابھی بجٹ نہیں ہے، ہمارے پاس ایسا بیک اپ موجود ہے کہ ہم کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتے ہیں، ہمارے پاس دستیاب سہولتوں کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔