پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض رہنما عرفان سلیم کا کہنا ہے کہ ہم وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی سینیٹ الیکشن سے دستبردار ہونے کی بات پر متفق نہیں ہوئے۔
پشاور میں پی ٹی آئی کے ناراض رہنماؤں کی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ بھی موجود تھے۔
پی ٹی آئی کے ناراض رہنماؤں میں عرفان سلیم، خرم ذیشان، عائشہ بانو شامل تھیں۔
صدر پی ٹی آئی پشاور عرفان سلیم نے ملاقات سے متعلق جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور سے آج دو ملاقاتیں ہوئیں، ہم وزیر اعلیٰ کی سینیٹ الیکشن سے دستبردار ہونے کی بات پر متفق نہیں ہوئے۔
عرفان سلیم نے کہا کہ معاملہ سیاسی کمیٹی کے سپرد کر دیا ہے، وہی فیصلہ کرے گی، سینیٹ الیکشن سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔
خیال رہے کہ سینیٹ الیکشن کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات سامنے آئے ہیں، کورنگ امیدوار عرفان سلیم سمیت متعدد کورنگ امیدواروں نے اپنے کاغذات واپس نہ لینے اور الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب پارٹی ورکرز کا کہنا ہے کہ جن امیدواروں کو سینیٹ الیکشن کیلئے نامزد کیا گیا ہے اُن کو نامزد کرنا بانی پی ٹی آئی کے منشور کے برعکس ہے۔