دریائے جہلم میں ممکنہ سیلاب کے پیشِ نظر ضلع سرگودھا میں دریا کنارے آباد لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کا سلسلہ جاری ہے۔
تین تحصیلوں بھیرہ، شاہ پور اور چھوٹا ساہیوال کے 40 سے زائد دیہاتوں سے شدید بارشوں سے متاثرہ لوگوں کے انخلا کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب ریسکیو ٹیمیں کل کی بارشوں کے بعد سے جہلم میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں آپریشن میں مصروفِ عمل ہیں۔
آرمی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھی بارشوں اور سیلابی ریلے کی آمد پر بروقت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
ریسکیو ٹیم کے ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں ریلے میں گھر ے 6 افراد، چکوال میں 27 افراد جبکہ جہلم میں 160 افراد کو ہیلی کاپٹر سے ریسکیو کیا گیا ہے، ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کر کے 174 اور پاک آرمی نے 64 افراد کو ریسکیو کیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو پی ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹر میں سیلاب اور بارشوں کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے حفاظتی انتظامات اور آلات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آرمی اور ضلعی انتظامیہ نے بارشوں اور سیلابی ریلے کی آمد پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے سیلابی ریلے میں گھرے 1063 افراد کو بچا لیا ہے۔
وزیرِ اطلاعات برائے پنجاب عظمیٰ بخاری نے اس دوران بتایا کہ چکوال، جہلم اور راولپنڈی میں سب سے زیادہ بارش ہوئی ہے۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیرِاعلیٰ مریم نواز تمام ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کی خود مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔