28 C
Lahore
Saturday, July 19, 2025
ہومغزہ لہو لہو زبانی وعدوں پر اعتبار نہیں، کراچی میں مکمل شٹرڈاؤن ہوگا، تاجر رہنما

 زبانی وعدوں پر اعتبار نہیں، کراچی میں مکمل شٹرڈاؤن ہوگا، تاجر رہنما



کراچی:

صدر نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری فیصل معیز خان نے کہا ہے کہ ہم نے وزیراعظم شہباز شریف کو اپنی تشویش سے آگاہ کردیا ہے، اب زبانی وعدوں پر اعتبار نہیں ہے اور کراچی میں اعلان کے مطابق مکمل شٹرڈاؤن ہوگا۔

صدر نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری فیصل معیز خان نے کہا کہ ہماری ایسوسی ایشن اعلان کرتی ہے کہ کراچی میں مکمل شٹر ڈاؤن ہوگا اور یہ احتجاج تاجروں کے جائز حقوق کے لیے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم وہ طبقہ ہیں جو ہفتے کے ساتوں دن کام کرتے ہیں، صنعت چلاتے ہیں، برآمدات کرتے ہیں اور باقاعدگی سے ٹیکس دیتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ہمیں اس محنت کا صلہ نہیں مل رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسری طرف بیوروکریسی ہفتے میں صرف 5 دن کام کرتی ہے اور پالیسیاں بھی ہماری مشاورت کے بغیر بناتی ہے۔

فیصل معیز خان نے کہا کہ ہم نے وزیر اعظم کو بھی اپنی تشویش سے آگاہ کر دیا ہے، اب زبانی وعدوں پر اعتبار نہیں ہے اور ہمیں تحریری یقین دہانی درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہڑتال صرف ایک دن کی ہے لیکن اگر ہمارے مسائل کا حل نہ نکالا گیا تو ہر ہفتے ایک دن، دو دن اور پھر پورے ہفتے کی ہڑتالیں بھی کی جائیں گی۔

تاجر رہنما کا کہنا تھا کہ یہ کوئی انفرادی احتجاج نہیں ہے، اس میں تمام تاجر تنظیمیں، صنعت کار، چھوٹے تاجر، برآمدکنندگان، ٹرانسپورٹرز اور مارکیٹوں کے نمائندے شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ٹیکس حرام کا پیسہ نہیں ہے، ہم ملک کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں لیکن جو وعدے کیے گئے، وہ محض خواب ثابت ہوئے۔

صدر نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف انڈسٹری نے بتایا کہ اگر صنعت کاروں کے ساتھ یہی رویہ جاری رہا تو ہم اس ملک میں صنعت کاری بند کر کے بیرون ملک منتقل ہونے پر مجبور ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پرامن ہیں لیکن کمزور نہیں، یہ ہڑتال ہمارے وقار، ہمارے حقوق اور ملکی معیشت کی بقا کی جدوجہد ہے۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات