امریکی ماہر موسمیات ڈیلن ڈریئر نے شادی کے 13 سال بعد اپنے شوہر برائن فچیرا سے علیحدگی اختیار کرلی۔ ڈیلن نیوز چینل میں بطور اینکر اور ماہر موسمیات کام کرتی ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق 43 سالہ ڈیلن ڈریئر نے گزشتہ روز اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس حوالے سے بتایا۔
ڈیلن ڈریئر نے اپنے پیغام میں لکھا کہ کئی سالوں سے میں اپنے خاندان کی زندگی کے بارے میں آپ لوگوں کے ساتھ چیزیں شیئر کرتی رہی، اس میں زندگی میں آنے والے اتار چڑھاؤ اور اچھی بری چیزیں شامل تھیں۔
انہوں نے لکھا کہ میں آپ سب کے تعاون اور محبت کی شکر گزار ہوں اور اسی وجہ سے میں آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ چند ماہ قبل برائن اور میں نے علیحدگی کا فیصلہ کیا تھا۔
ڈیلن ڈریئر نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ہم نے دوست کے طور پر شروعات کی اور ہم اب بھی قریبی دوست رہیں گے، ہم اپنے تینوں بیٹوں کی پرورش کے حوالے سے تعاون جاری رکھیں گے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ڈیلن ڈریئر اور برائن فچیرا نے 2012 میں شادی کی تھی اور ان کے تین بچے ہیں جن کی عمر 3، 5 اور 8 سال ہے۔
خیال رہے کہ امریکی ماہر موسمیات نے علیحدگی کی وجہ سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔