کرسٹوفر نولن کی فلم ’دی اوڈیسی‘ کے آئی میکس ٹکٹ جمعرات کو اس کی ریلیز سے 1 سال قبل فروخت کے لیے پیش کیے گئے، جو چند ہی منٹوں میں فروخت ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہومر کی رزمیہ داستان دی اوڈیسی پر مبنی شاہکار فلم کی ریلیز میں ابھی ایک سال باقی ہے، لیکن اس کے ٹکٹ پہلے ہی دستیاب ہیں یا کم از کم کچھ دیر کے لیے دستیاب تھے۔
ایک تشہیری اقدام میں دی اوڈیسی کے پہلے شوز کے آئی میکس ٹکٹ امریکا سمیت کئی ممالک کے منتخب سنیما گھروں میں فلم کی ریلیز سے ایک سال قبل جمعرات کو فروخت کے لیے پیش کیے گئے اور یہ چند منٹوں، بلکہ سیکنڈز میں ہاتھوں ہاتھ بک گئے۔
جمعرات کو آئی میکس نے سوشل میڈیا پر ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان کیا اور ان تھیٹرز کی فہرست فراہم کی جہاں کے لیے دی اوڈیسی کے ابتدائی ٹکٹ دستیاب تھے، امریکا کے 14 اور کینیڈا کے 4 شہروں کے علاوہ، میلبورن، لندن اور پراگ میں بھی آئی میکس اسکرینز کے لیے ٹکٹ فروخت کے لیے پیش کیے گئے۔
فلم میں میٹ ڈیمن اور ٹام ہالینڈ کے ساتھ ایک بڑی کاسٹ شامل ہے، یہ فلم 17 جولائی 2026ء کو پریمیئر کے لیے تیار ہے، تاہم جمعرات کو ریلیز سے ایک سال قبل فلم کے آئی میکس ٹکٹ نیویارک، لاس اینجلس، سان فرانسسکو اور لندن سمیت دیگر شہروں میں فروخت کے لیے پیش کیے گئے۔
گزشتہ شام بہت سے سوشل میڈیا صارفین نے انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر ویڈیوز شیئر کیں کہ کس طرح ٹکٹ آن لائن ہوتے ہی چند منٹوں میں مکمل طور پر فروخت ہو گئے۔
ایک شخص نے سوشل میڈیا ایپ ایکس پر ٹکٹ بکنگ کا ایک اسکرین گریب پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اوڈیسی کے آئی میکس 70 ایم ایم کے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوئے 3 منٹ ہوئے ہیں اور یونیورسل سٹی واک کا 16 جولائی کا شو تقریباً فروخت ہو چکا ہے۔
ایک اور شخص نے ایک مختلف تھیٹر کے بارے میں بات کرتے ہوئے لکھا کہ لنکن اسکوائر تھیٹر میں دی اوڈیسی کے تمام شوز 3 منٹ سے بھی کم وقت میں فروخت ہو گئے۔
لاس اینجلس کے کچھ تھیٹرز میں آئی میکس ٹکٹ فروخت شروع ہونے کے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں فروخت ہو گئے جو حالیہ تاریخ میں کسی بھی فلم کے لیے سب سے تیز ترین ٹکٹوں کی فروخت ہے۔
ہومر کی عظیم رزمیہ داستان اوڈیسی پر مبنی کرسٹوفر نولن کی اس فلم میں اتھاکا (Ithaca) کے افسانوی بادشاہ اوڈیسیئس (Odysseus) اور ٹروجن جنگ کے بعد اس کے گھر واپسی کے پُر خطر سفر کو پیش کیا گیا ہے۔
فلم میں میٹ ڈیمن اوڈیسیس کا کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ ٹام ہالینڈ ان کے بیٹے ٹیلی میکس کے کردار میں نظر آئیں گے، ستاروں سے سجی باقی کاسٹ میں این ہیتھ وے، زینڈایا، لوپیتا نیونگو، رابرٹ پیٹنسن، چارلیز تھیرون، جون برنتھل، بینی سیفڈی، جان لیوگیزیمو اور ایلیٹ پیج شامل ہیں۔