دنیا کے سب سے بڑے میوزک فیسٹیولز میں شمار ہونے والے ٹومارولینڈ (Tomorrowland) کے مرکزی اسٹیج پر فیسٹیول کے آغاز سے محض دو روز قبل آگ بھڑک اٹھی، جس سے اسٹیج مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گیا۔
یہ افسوسناک واقعہ بیلجئیم کے شہر بوم میں پیش آیا، خوش آئند بات یہ ہے کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، امدادی ٹیموں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے شام 8 بجے تک آگ پر قابو پا لیا۔
منتظمین نے تصدیق کی کہ فیسٹیول شیڈول کے مطابق 18 جولائی 2025 کو ہی شروع ہوگا اور ڈریم ویلی کیمپ سائٹ بھی 17 جولائی سے کھول دی گئی ہے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق تقریباً 4 لاکھ افراد فیسٹیول میں شرکت کریں گے۔
ٹومارولینڈ کی ترجمان ڈیبی ولمسن نے بتایا کہ فیسٹیول کے دیگر تمام اسٹیجز محفوظ ہیں اور مکمل سرگرمیاں جاری رہیں گی، البتہ مرکزی اسٹیج کی جگہ متبادل بندوبست نہیں کیا جا سکتا، لہٰذا اس سال فیسٹیول کا انعقاد مرکزی اسٹیج کے بغیر ہوگا۔
اگرچہ آگ لگنے کی وجوہات واضح نہیں ہو سکیں، تاہم بعض ویڈیوز میں آتش بازی کو اس واقعے سے جوڑا جا رہا ہے، شبہ ہے کہ فائر ورکس کی ٹیسٹنگ کے دوران کوئی خرابی پیش آئی۔