واشنگٹن:
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے ایک پریس بریفنگ کے دوران انکشاف کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہاتھ پر گہرے نیل اور ٹانگوں میں سوجن کی وجہ سے طبی جانچ کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق طبی ماہرین نے انہیں کرونک وینس انسفیشنسی (Chronic Venous Insufficiency) میں مبتلا قرار دیا ہے، اس مرض میں انسانی جسم میں خون کی روانی میں کمی ہو جاتی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ترجمان کا کہنا تھا کہ صدر نے اپنی ٹانگوں میں ہلکی سی سوجن محسوس کی، جس کے بعد وائٹ ہاؤس کی میڈیکل ٹیم نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔ ٹیسٹس میں ان کی دونوں ٹانگوں کے ڈوپلر الٹراساؤنڈ کیے گئے، جن میں خون کی روانی میں کمی کا انکشاف ہوا
کیرولین لیویٹ نے کہا کہ یہ ایک عام مگر تکلیف دہ حالت ہے جو اکثر 70 سال سے زائد عمر کے افراد میں پائی جاتی ہے، مگر یہ عمومی طبی کیفیت ہے جس کا مؤثر علاج موجود ہے، اور صدر کی صحت مجموعی طور پر بہترین ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیسٹ نتائج میں کسی قسم کی ڈیپ وین تھرومبوسس (DVT) یا شریانوں میں رکاوٹ کا کوئی ثبوت نہیں ملا، جبکہ ایکوکارڈیوگرام میں دل کی ساخت اور افعال بالکل نارمل پائے گئے۔
صدر کے ہاتھ پر نظر آنے والے نیل کے بارے میں ترجمان نے وضاحت کی کہ وہ مسلسل ہاتھ ملانے اور روزانہ اسپرین کے استعمال سے پیدا ہونے والی معمولی نرم بافتوں کی جلن کا نتیجہ ہیں۔
صدر ٹرمپ کی صحت سے متعلق تفصیلی میمو وائٹ ہاؤس کے معالج ڈاکٹر شان باربابیلا کی جانب سے جاری کیا گیا، جس میں اپریل میں ہونے والے سالانہ جسمانی معائنے کا حوالہ دیا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق صدر اُس وقت بھی بہترین صحت میں تھے۔