پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار علی عباس ساتھی فنکاروں کے دفاع میں سامنے آگئے۔
حال ہی میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران کئی پاکستانی فنکاروں کو کھل کر بھارت کے خلاف آواز بلند نہ کرنے اور بھارتی حملوں کی مذمت نہ کرنے پر مختلف شوبز شخصیات اور صارفین کی جانب سے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
اب حالیہ انٹرویو کے دوران علی عباس نے اس حوالے سے کھل کر بات کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
یوٹیوب پر پوڈکاسٹ میں شرکت کرتے ہوئے اداکار نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ساتھی فنکاروں کا بھرپور دفاع کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک فنکار اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ سے پوسٹ شیئر کرنے کے علاوہ آخر کیا کر سکتا ہے ؟ فنکار نے انسٹاگرام یا ٹوئٹر پر مذمتی پوسٹ شیئر ہی کرنا ہے اور کیا کرنا ہے؟ لیکن لوگ کہتے ہیں کہ مزاہ نہیں آیا۔
علی عباس نے مزید کہا کہ اب لوگوں کے مزے کے لیے ہمارے فنکار اپنی تہذیب تو نہیں چھوڑ سکتے۔