کراچی میں عملیات کرنے کا ڈھونگ رچا کر بچوں کو اغوا کرنیوالے میاں بیوی کو گرفتار کرلیا گیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) اسپیشلائزڈ انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) شعیب میمن کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال اغوا ہونے والا چار سال کا مغوی بچہ بازیاب کروالیا گیا، کارروائی میں ملزم اس کی بیوی اور ماں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایس ایس پی شیعب میمن کا کہنا ہے کہ چار سال کے بچے کو گزشتہ سال یکم دسمبر کو رحمت جان کالونی سعیدآباد سے اغواء کیا گیا تھا، اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کو اغوا کار ملزمان کی موجودگی کی اطلاع ملی۔
شعیب میمن کا کہنا ہے کہ ملزمان کم سن بچے اور بچیوں کو اغوا کرتے تھے، ملزمان آستانے، عملیات کا ڈھونگ رچاتے تھے، جو لوگ ان کے ہاں آتے تھے ان کے بچوں کو اغوا کرتے تھے، جب بچے اغوا ہو جاتے تو ان کے والدین آستانے پر آجاتے تھے، ملزمان بچوں کے اہل خانہ سے 2 لاکھ روپے لے کر بچوں کا پتا بتاتے تھے کہ وہ اس وقت کہاں پر ہیں۔