عتیقہ اوڈھو اور سعدیہ امام نے صبا فیصل کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم صبا فیصل کی اداکاری کے معترف ہیں۔
حال ہی میں مشہور ٹی وی شو کی نئی قسط میں اداکارہ عتیقہ اوڈھو، سعدیہ امام اور مرینا خان نے سینئر اداکارہ صبا فیصل کے اس بیان پر جواب دیا جس میں انہوں نے شو کے ججز پر فنکاروں کا مذاق اُڑانے اور غیر ضروری تنقید کرنے کا الزام لگایا تھا۔
شو کے میزبان نے شروعات میں کہا کہ ہمارا پروگرام کئی وجوہات کی بنا پر خبروں میں رہا، لوگوں نے تنقید بھی کی، مگر ہمارے فینز ہمیں کہتے ہیں کہ ہم ریویو کرتے رہیں۔
اس دوران انہوں نے عتیقہ اوڈھو کا تعارف ان الفاظ میں کروایا کہ یہ خوبصورتی کے حوالے سے مشہور تھیں، جس پر تمام ججز ہنس پڑے۔
سعدیہ امام نے بھی مزاحیہ انداز میں کہا ایک اور بھی خوبصورتی کی وجہ سے مشہور تھیں۔
بعد ازاں عتیقہ اوڈھو نے صبا فیصل کا جملہ دہراتے ہوئے کہا کہ ان میں سے ایک بہت اچھی ڈائریکٹر تھیں، وہ اداکاری نہیں کرتی تھیں۔
تاہم اس ہلکے پھلکے مزاح کے بعد عتیقہ اوڈھو اور سعدیہ امام نے صبا فیصل کی اداکاری کی تعریف کی اور کہا کہ وہ ان کے ڈراموں میں ان کی اداکاری کی معترف ہیں۔
سعدیہ امام نے مزید انکشاف کیا کہ صبا فیصل جلد ہی ایک نئے پراجیکٹ میں ایک شاندار پرفارمنس کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔
اختتام پر تمام ججز نے یک زبان ہو کر کہا کہ ہم صبا فیصل سے محبت کرتے ہیں، وہ ایک عظیم فنکارہ ہیں۔