کراچی:
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسر ڈاکٹر شاہ محمد شیخ نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں لڑکیوں کی HPV حفاظتی ویکسین مہم آئندہ ماہ سے شروع کی جائے گی، 9 سے 14 سال تک کی عمر کی 4.1 ملین لڑکیوں کو حفاظتی ویکسین لگائی جائے گی۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں 9 سے 14 سال تک کی عمر کی لڑکیوں کو مستقبل میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے آئندہ ماہ سے Virus Human Papilloma کی حفاظتی ویکسین مہم کی جائے گی، صوبائی محکمہ صحت نے اس مہم کی تیاریاں شروع کردی ہے۔
اس مہم کے دوران کراچی سمیت سندھ بھر کی 9 سے 14 سال تک کی عمر کی 4.1 ملین لڑکیوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تربیت شروع کردی گئی ہے، مہم سے قبل لیڈی ہیلتھ ورکرز گھروں میں جاکر والدین کو اس ویکسین کے حوالے سے آگاہی دیں گی۔
ای پی آئی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر راج کمار نے ایکسپریس ٹربیون کو بتایا کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے کراچی سمیت اندرون سندھ کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسران کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے ضلع میں مہم کو کامیاب بنائیں، ضلع کورنگی کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسر ڈاکٹر شاہ محمد شیخ نے بتایا کہ ضلع کورنگی میں 9 سے 14 سال تک کی 2 لاکھ 33 ہزار سے زائد لڑکیوں کو HPV حفاظتی ویکسینشن لگانے کے لیے مائیکرو پلاننگ مکمل کرلی گئی ہے۔
اس سلسلے میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کو لڑکیوں کو محفوظ طریقے سے انجیکشن لگانے کی تربیت بھی دی جاری ہے، ضلع کورنگی کی آبادی 32 لاکھ سے زیادہ ہے، کورنگی ضلع صحت کے 19 مراکز ہیں جبکہ شام کے اوقات میں چلنے والی ڈسپنسریاں بھی مکمل فعال ہے۔
انہوں نے وائرس سے متعلق مزید بتایا کہ ہیومن پیپیلوما وائرس (Human Papillomavirus) ایک وائرس ہے جو زیادہ تر لڑکیوں میں امراض نسواں کا باعث بنتا ہے، بعض اوقات یہ وائرس کینسر کا سبب بن سکتا ہے، HPV وائرس کی کوئی واضح علامات نہیں ہوتی، اس وائرس سے والدین بھی لاعلم رہتے ہیں۔
اس وائرس کی علامت بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لڑکیوں کی جلد پر چھوٹے چھوٹے دانے یا ابھار اور ان میں درد اور خراش ہونا اہم علامت ہوتی ہے تاہم لڑکیوں کوHPV ویکسین اس وائرس سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔